پاکستان
Time 16 جنوری ، 2020

فوجی بوٹ کا معاملہ: وزیراعظم نے فیصل واوڈا پر پابندی لگادی

وزیراعظم عمران خان نے ٹی وی پروگرام میں فوجی بوٹ لے جانے کے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا پر کسی بھی ٹاک شو میں شرکت کرنے پر پابندی لگادی۔

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں کہا کہ وزیراعظم نے فیصل واوڈا سے ٹاک شو میں ان کے رویے پر وضاحت بھی طلب کی ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ فیصل واوڈا پر دو ہفتوں کیلئے ٹاک شو میں شرکت پر پابندی لگائی گئی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں ’بوٹ‘ ٹیبل پر رکھ کر اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں فیصل واوڈا نے ’بوٹ‘ ٹیبل پر رکھا اور کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے لیٹ کر بوٹ کو عزت دی ہے، بوٹ کو چوم کر عزت دی ہے، کوئی شرم اور حیا ہے؟ قوم نے ان کی اصلیت دیکھ لی۔

اس دوران پیپلز پارٹی کے قمر زمان کائرہ کا کہناتھا کہ ’اگر بوٹ سامنے رکھ کر یہ کہہ رہے ہیں کہ جو کرایا ہے فوج نے کرایا ہے تو ان کے کہنے کا مطلب ہے کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ نے ان کے کہنے پر نہیں فوج کے دباؤ پر ووٹ دیا ہے‘۔

اس صورتحال کے بعد قمر زمان کائرہ اور ن لیگ کے جاوید عباسی پروگرام چھوڑ کر چلے گئے تھے۔

یاد رہے کہ حکومت کے آرمی ترمیمی ایکٹ بلز کی اپوزیشن جماعتوں مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی نے حمایت کی تھی جس کے بعد یہ بلز قومی اسمبلی اور سینیٹ سے کثرتِ رائے سے منظور کرالیے گئے تھے۔

ان بلز کی جماعت اسلامی، جمعیت علمائے اسلام (ف) اور دیگر جماعتوں نے مخالفت کی تھی جبکہ مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی پارٹی اجلاس میں بھی ارکان نے حمایت پر تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

مزید خبریں :