گائے نے مسافر ٹرین روک دی، محکمہ ریلوے کی معذرت

فوٹو: بشکریہ یو پی آئی

اسکاٹ لینڈ کی پہاڑی گائے بھاری بھرکم اور دکھنے میں عام گائے سے کافی بڑی ہوتی ہے  جو حال ہی میں ایک مسافر ٹرین کے آڑے آگئی۔

اسکاٹ لینڈ کے ریلوے ملازمین نے بتایا کہ ایک بھاری بھرکم گائے کو ریلوے کی پٹریوں پر گھومتے پھرتے دیکھا گیا جس کی وجہ سے مسافر ٹرین ایک گھنٹے کے لیے رکی رہی۔

اس حوالے سے اسکاٹ لینڈ ریلوے کی جانب سے ایک ٹوئٹ بھی کی گئی جس میں بتایاگیا کہ ’ایک بڑی اور لمبے بالوں والی گائے قریبی پولوک کنٹری پارک سے فرار ہوکر ریل کی پٹریوں پر گھوم پھر رہی تھی اور اس کی وجہ سے ایک گھنٹے تک ٹرین کا راستہ بلاک رہا‘۔

ادارے نے ٹوئٹ کے ذریعے معذرت کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہم  تاخیر کی وجہ سے آپ سے معذرت خواہ ہیں‘۔

بعد ازاں اسکاٹ لینڈ ریلوے کی جانب سے ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں دیکھا جا سکتا ہے گائے کو چارے سے بھری ایک ٹوکری کے ذریعے ریلوے کی پٹریوں سے ہٹایا گیا۔

حکام کا کہنا تھا کہ اس پہاڑی گائے کی وجہ سے مسافرین کو ایک گھنٹے تاخیر کا شکار رہنا پڑا تھا۔