ترکی میں وکی پیڈیا پر عائد پابندی ختم

فوٹو: بشکریہ دی نیشن

ترکی میں 3 سال کے بعد وکی پیڈیا پر عائد پابندی اٹھالی گئی۔

ترک حکومت کی جانب سے شائع ہونے والے اخبار ’ملیت‘ کے مطابق ’ملک کی آئینی عدالت نے فیصلہ سنایا ہے کہ پابندی سے اظہار آزادی رائے کی خلاف ورزی ہوئی ہے‘۔

انٹرنیٹ مانیٹرنگ ادارے ’NetBlocks.org‘ کے مطابق یہ پابندی 991 دنوں تک عائد رہی۔

ترکی میں انسائیکلو پیڈیا ویب سائٹ وکی پیڈیا پر اپریل 2017 میں اس وقت پابندی عائد کی گئی تھی جب وکی پیڈیا نے ترکی کی حکومت پر تنقیدی آرٹیکل ہٹانے سے انکار کیا تھا۔

ترکی میں وکی پیڈیا کو چلانے والے ادارے وکی میڈیا فاؤنڈیشن نے ان آرٹیکلز کو ہٹانے سے انکار کردیا تھا اور ان کا کہنا تھا کہ ترکی حکومت نے شام میں اسلامک اسٹیٹ گروپ (آئی ایس) اور القاعدہ کے ساتھ تعاون کیا ہے۔

دی فاؤنڈیشن کی جانب سے بلاگ میں کہا گیا ہے کہ ’ہمیں خوشی ہے کہ ترکی کی عوام ایک مرتبہ پھر آن لائن ترکی کی تاریخ اور ثقافت کے بارے میں ہونے والی عالمی گفتگو کا حصہ بن سکے گی اور وکی پیڈیا کو ترکی اور دنیا کے بارے میں معلومات کا ایک متحرک ذریعہ بنانا جاری رکھیں گے‘۔

واضح رہے کہ اس وقت ترکی میں تمام تر لوگوں کو انسائیکلو پیڈیا ویب سائٹ وکی پیڈیا کی رسائی حاصل نہیں ہوسکے گی۔

 سروس نے کہا ہے کہ پابندی کو آہستہ آہستہ ختم کیا جارہا ہے اور چند انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والے ابھی رسائی کو بحال کرنے کے عمل میں ہیں۔

مزید خبریں :