’گُل مکئی‘ کی ریلیز سے قبل فلم کے ہدایت کار کو دھمکیاں

فوٹو: فائل

دنیا کی کم عمر ترین نوبیل امن انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی کی زندگی پر مبنی بننے والی فلم ’گُل مکئی‘ کے ہدایت کار امجد خان نے انکشاف کیا ہے کہ فلم کی ریلیز سے قبل ہی انہیں دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔

خیال رہے کہ فلم ’گُل مکئی‘ کا ٹریلیز رواں ماہ 10 جنوری کو جاری کیا گیا تھا جسے اب تک کروڑوں بار دیکھا جا چکا ہے۔

فلم کے ہدایت کار امجد خان نے بتایا ہے کہ میں نے کبھی پیچھے ہٹنے کے بارے میں نہیں سوچا تھا لیکن کشمیر میں فلم کی عکس بندی کے دوران، میں سیٹ پر موجود اپنے فنکاروں کی سیکیورٹی کے حوالے سے پریشان تھا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میرے لیے اس فلم کو بنانا کافی مشکل تھا اور فلم کے لیے بہترین کاسٹ ڈھونڈنے کا مرحلہ بھی کافی طویل تھا، مجھے ابھی تک نامعلوم ای میلز اور کالز کے ذریعے دھمکیاں دی جاتی ہیں۔

ابتدائی مراحل میں بنگلا دیش کی نوجوان فاطمہ کو ملالہ یوسفزئی کا کردار ادا کرنا تھا لیکن سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر اسے پیچھے ہٹنا پڑا کیونکہ شدت پسندوں نے اس کے گھر پر پتھراؤ اور توڑ پھوڑ کی تھی۔

پھر خوش قسمتی سے ہمیں ریم شیخ مل گئی جس نے ملالہ کے کردار کو اپنے اندر ایسے جذب کیا کہ میں اس کا اصلی نام اور وجود بھول گیا۔

فلم گُل مکئی کی کاسٹ کے لیے ہندوستانی اداکاروں کو ہی چنا گیا کیونکہ پاکستان اور بھارت دونوں ممالک کے مابین تنازع کی وجہ سے پاکستانی فنکاروں کو کاسٹ نہیں کیا جا سکتا تھا، فلم کی کاسٹ پر کوئی افسوس نہیں ہے کیونکہ انہیں بہترین ٹیلینٹ ملا ہے۔

ہدایت کار امجد نے بتایا کہ ’میں اس فلم میں ایسے اداکار کاسٹ کرنا چاہتا تھا جو فلم کے اصل کردار سے ملتے ہوں لیکن ساتھ ہی میں ایسے بہترین اداکار بھی چاہتا تھا جو اپنے کردار کو بہترین طریقے سے پیش کر سکیں اور میں خوش ہوں کیونکہ اطل کلکرنی اور دیویا دتا جیسے شاندار اداکار میری فلم کا حصہ بنے جب کہ گل مکئی میں اوم پوری بھی اداکاری کرتے نظر آئیں گے اور یہ ان کی آخری فلم تھی۔

ان تمام تر رکاوٹوں اور دھمکیوں کے باوجود ہدایت کار امجد کا دعویٰ ہے کہ یہ فلم 31 جنوری کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس لندن میں اقوام متحدہ کے دفتر میں گل مکئی کی نمائش ہوئی تھی جہاں ملالہ اور ان کے والد دونوں نے اس تقریب میں شرکت بھی کی تھی۔

ہدایت کار امجد نے مزید بتایا یہ بہت حیرت انگیز تھا کیونکہ اس فلم کو اتنا پسند کیا گیا تھا کہ وقفے کے دوران بھی کوئی شخص اپنی نشست چھوڑ کر نہیں گیا تھا، وہاں موجود ہر عورت کی آنکھوں میں آنسو تھے۔

انہوں نے کہا کہ فلم دیکھنے کے بعد ملالہ کے والد نے کہا کہ ’آپ نے ہمارے خوابوں کو زندہ کر دیا‘۔

فلم ’گُل مکئی‘ کے ٹریلر میں پاکستان و افغانستان کے قبائلی علاقوں کے جنگ کے کچھ مناظر بھی دکھائے گئے ہیں۔

’گُل مکئی‘ کو آئی آئی ایم ایس اے ایم کے تعاون سے بنایا گیا ہے جو 31 جنوری 2020 میں دنیا بھر میں ریلیز کی جائے گی لیکن فلم کو پاکستان میں ریلیز نہیں کیا جائے گا۔

مزید خبریں :