پاکستان
Time 19 جنوری ، 2020

گوجرانوالہ: ریلوے گودام میں لگی آگ پر 21 گھنٹے بعد قابو پالیاگیا

گودام کے 10 ایکڑ رقبے میں لکڑی کے سلیپر موجود ہیں، گودام کا ایک ایکڑ رقبہ آگ کی لپیٹ میں تھا: ڈپٹی کمشنر— فوٹو: سوشل میڈیا

گوجرانوالہ میں وزیرآباد کے قریب ریلوے گودام میں لگنے والی آگ پر  21 گھنٹے بعد قابو پالیا گیا ۔

ڈپٹی کمشنر سہیل اشرف کے مطابق ریلوے گودام میں آگ گزشتہ رات  لگی تھی جس پر  اب قابو پالیا گیا ہے اور کولنگ کا عمل جاری ہے۔

سہیل اشرف کا کہنا تھا کہ  ریسکیو اہلکاروں اور پاک فوج کے فائر فائٹرز نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا جب کہ اس دوران  ریسکیو کی 18 گاڑیاں اور 200 اہلکار آپریشن میں  شریک ہوئے۔

ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ گودام کے 10 ایکڑ رقبے میں لکڑی کے سلیپر موجود ہیں جبکہ گودام کا ایک ایکڑ رقبہ آگ کی لپیٹ میں تھا۔

ریلوے گودام میں لگی آگ کے باعث کروڑوں روپے کے نقصان کا خدشہ ہے۔ 

آگ سے بڑا نقصان نہیں ہوا: وفاقی وزیر ریلوے

دوسری جانب آتشزدگی کے واقعے پر وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ہری پور روڈ پر ریلوے سلیپر ڈپو میں لگی آگ پر تقریباً قابوپالیاگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ایکڑ میں پڑے اسکریپ میں آگ لگی ہے، بڑا نقصان نہیں ہوا۔

گودام میں کیل، دیار، چیڑ اور روسی ساخت کی لکڑی موجود ہے: ریلوے حکام

اُدھر ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ گودام میں کیل، دیار، چیڑ اور روسی ساخت کی لکڑی موجود ہے، ریلوے ٹریک کے نیچے استعمال ہونے والی لکڑی سلیپر کی بڑی تعداد یہاں اسٹور کی گئی ہیں۔

ریلوے حکام کے مطابق اگر آگ پر جلد قابو نہ پایا جاتاتو یہ گردونواح کے خود رو جنگلوں تک پھیل سکتی تھی ،حکام کی جانب سے آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جارہی ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا ریلوے گودام میں آتشزدگی کا نوٹس

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے وزیرآباد کے قریب ریلوے گودام میں آگ لگنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے  آگ پر قابوپانے کے لیے تمام ضروری وسائل بروئےکار لانے کی ہدایت کی۔

مزید خبریں :