دنیا
Time 21 جنوری ، 2020

مسجد میں ہندو جوڑے کی شادی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

کیرالہ کے ایک ہندو جوڑے نے مذہبی ہم آہنگی کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی شادی کی رسومات مقامی مسجد میں ادا کیں— فوٹو: فائل

بھارتی ریاست کیرالہ کی مسجد میں ہندو جوڑے کی شادی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

بھارت میں انتہا پسند ہندو جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت ہے جو متعصبانہ پالیسیوں کی وجہ سے ملک میں مذہبی انتشار پھیلانے میں مصروف ہے جس کی تازہ ترین مثال شہریت کا متنازع قانون ہے جس کے خلاف ملک بھر میں احتجاج کیا جارہا ہے۔

ایسی صورتحال میں ریاست کیرالہ کے ایک ہندو جوڑے نے مذہبی ہم آہنگی کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی شادی کی رسومات مقامی مسجد میں ادا کیں جسے مختلف حلقوں کی جانب سے سراہا جارہا ہے۔

لڑکی کی ماں غربت کی وجہ سے اپنی بیٹی کی شادی کے اخراجات اٹھانے کی سکت نہیں رکھتی تھی جس کی وجہ سے اس نے علاقے والوں سے مدد کی اپیل کی تھی۔ 

اس صورتحال پر مسجد کی انتظامیہ نے مدد کا فیصلہ کیا اور مسجد میں شادی کے انتظامات کیے جس کے بعد کیرالہ کے ضلع الاپوزہا کی مسجد میں یہ شادی ہندو مذہب کے رسم و رواج کے مطابق انجام پائی۔

کیرالہ کے وزیراعلیٰ پینا رائی وجایان نے شادی شدہ جوڑے آشا اور شرتھ کو مبارک باد دی اور ان کے اس مذہبی ہم آہنگی پیدا کرنے کے اقدام کو بھر پور انداز میں سراہا۔

انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ آشا کی والدہ نے اپنی بیٹی کی شادی کے لیے مدد مانگی تھی جس پر لوگوں نے ان کی مدد کی اور چیراولی کی مسجد میں ہندو جوڑے، آشا اور شرتھ کی شادی کی رسومات ادا کی گئیں۔

وزیراعلیٰ نے مزید لکھا کہ کیرالہ نے باہمی اتحاد کی مثال قائم کی ہے، میری طرف سے نئے شادی شدہ جوڑے، ان کے گھر والوں، چیراولی کے لوگوں اور مسجد کی انتظامیہ کو بہت مبارک باد۔

کیرالہ کے وزیراعلیٰ کی ٹوئٹ وائرل ہونے کے بعد انٹرنیٹ صارفین نے نوبیاہتا جوڑے کو شادی کی مبارک باد، پُرمسرت پیغامات اور دعائیں دیں۔

ایک صارف نے لکھا کہ ’کیرالہ مستقبل کے ہندوستاں کا وژن طے کرتا ہے‘۔ ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ ’ کیرالہ نہ صرف بھارت کی سب سے زیادہ خواندہ ریاست ہے بلکہ یہ سب سے زیادہ تعلیم یافتہ ریاست بھی ہے، اسے جاری رکھو کیرالیںنز‘۔

مزید خبریں :