پاکستان
Time 21 جنوری ، 2020

ن لیگ اور پی پی دور حکومت میں بھی گندم درآمد کی گئی: وزیر فوڈ سیکیورٹی

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے فوڈ سیکیورٹی خسرو بختیار نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں بھی گندم درآمد کی گئی۔

سینیٹ میں خطاب کرتے ہوئے خسرو بختیار کا کہنا تھا کہ حقیقت یہ ہے پاکستان میں 40 لاکھ ٹن گندم موجود ہے اور سیزن ختم ہونے تک ساڑھے 8 لاکھ ٹن گندم کے ذخائر موجود ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ اور خیبرپختونخوا میں سپلائی چین متاثرہوئی، سندھ نے 8 لاکھ ٹن ذخیرہ بتایا پھر وہ 7 لاکھ ہوگیا، ایک لاکھ معلوم نہیں کہاں گیا؟ گزشتہ سال سندھ حکومت نے گندم کا ایک دانہ اسٹاک نہیں کیا۔

ان کا کہنا ہے کہ پاسکو نے 4 لاکھ ٹن سندھ، ساڑھے 4 لاکھ ٹن گندم کے پی کیلئے مختص کی، گندم مختص ہونے کے بعد ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال آگئی، ہم نے سندھ کی سپلائی یومیہ 10ہزارٹن گندم بڑھادی اور اب گندم کی سپلائی سندھ کو 13 ہزار ٹن ہوجائے گی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے  دور حکومت میں گندم درآمد کی گئی، 2017 اور 2018 میں 20 لاکھ ٹن گندم برآمد کی گئی۔

خسرو بختیار نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور میں گندم کی امدادی قیمت بڑھائی گئی لیکن مسلم لیگ (ن)  کی حکومت میں گندم کی امدادی قیمت نہیں بڑھائی گئی، سندھ حکومت نے اس سال کتنی گندم رکھی؟ سندھ حکومت نے اپنے پاس گندم کا ایک دانہ بھی ذخیرہ نہیں کیا۔

وفاقی وزیر کے بیان پر پی پی سینیٹرز کا احتجاج

دوسری جانب وفاقی وزیر برائے فوڈ سیکیورٹی خسرو بختیار کے بیان پر پاکستان پیپلزپارٹی کے سینیٹرز نے احتجاج کیا۔

سینیٹرز شیری رحمان کا کہنا تھا کہ آٹا اس وقت بلیک میں فروخت ہورہا ہے، اس معاملے پر سیاست نہیں کرنا چاہتے، حکومت ملک میں کون کون سے بحران کر کے جائے گی؟ خدارا ہر شعبے میں بحران پیدا نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی حکومت نے ملک کو گندم سرپلس ملک بنایا، اس حکومت نے کسی معاملے کو سنجیدگی سے نہیں دیکھا۔

خیال رہے کہ ملک بھر میں آٹے کا بحران شدت اختیار کر چکا ہے اور کراچی، حیدرآباد اور لاہور سمیت مختلف شہروں میں فی کلو آٹے کی قیمت 70 روپے تک پہنچ گئی ہے۔

وزیر اعظم عمران خان نے آٹے کی قیمت میں اضافے کا نوٹس لیا اور بحران سے نمٹنے کیلئے گرینڈ آپریشن کی ہدایت کی ہے جبکہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بحران سے نمٹنے کے لیے 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم برآمد کرنے کی بھی منظوری دی ہے۔

مزید خبریں :