پاکستان
Time 21 جنوری ، 2020

خیرپور میں یوٹیلٹی اسٹورز کا سستا آٹا مارکیٹ میں فروخت کرنے پر انچارج معطل

خیرپور میں یوٹیلٹی اسٹورز کا سستا آٹا دکانداروں کو فروخت کرنے کے الزام میں یوٹیلٹی اسٹور خیرپور کے انچارج کو معطل کرکے انکوائری شروع کردی گئی۔

گزشتہ روز خیرپور میں یوٹیلٹی کا سستا آٹا دکانداروں کو فروخت کرنے کی خبر جیونیوز پر نشر ہونے کے بعد زونل منیجر یوٹیلٹی اسٹورز عمران گیلانی نے خیرپور یوٹیلٹی اسٹور کے انچارج کو معطل کردیا۔

زونل منیجر عمران گیلانی کا کہنا ہے کہ یوٹیلٹی اسٹور انچارج اور عملے کے خلاف انکوائری شروع کردی گئی ہے، الزام ثابت ہونے پر ملازمین کے خلاف مقدمات بھی درج کرائیں گے۔

خیال رہے کہ خیرپور کے یوٹیلٹی اسٹور ملازمین نے آٹے کے فی تھیلے پر 50 روپے اضافی لے کر تمام تھیلے دکانداروں کو فروخت کردیے تھے۔

ملازمین نے یہ آٹا کھلا فروخت کرنے یا تھیلا تبدیل کرکے بیچنے کی شرط پر فروخت کیا  تھا اور دکانداروں نے آٹے کے تھیلے گدھے گاڑیوں کے ذریعے اپنی دکانوں تک منتقل کیے تھے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

یاد رہے کہ اس سے قبل 11جنوری کوبدین میں بھی یوٹیلٹی اسٹورز کا وزیراعظم ریلیف پیکج کا سامان اوپن مارکیٹ میں فروخت ہونے کی خبر پر وزیراعظم ہاؤس نے نوٹس لیا تھا۔

اس حوالے سے مینیجنگ ڈائریکٹر یوٹیلٹی اسٹورز عمر لودھی نے اپنی ٹیم پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہیں صحافیوں کا منہ بند کرانا نہیں آتا۔

عمر لودھی کا کہنا تھا کہ کسی کا منہ بند کرنا ہو تو 5 کلو چینی یا آٹا دے دو، پتہ نہیں آپ کو کب عقل آئے گی، وزیراعظم ہاؤس کو کیا وضاحت دوں کہ یہ میری یا میرے عملے کی نالائقی ہے؟ 

مزید خبریں :