پاکستان
Time 23 جنوری ، 2020

امریکی صدر ٹرمپ پاکستان کا خصوصی دورہ کرنے کے خواہش مند

ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی—فوٹو فائل 

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کا خصوصی دورہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

دفتر خارجہ میں ہفتہ وار  بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان نے بتایا کہ عالمی اقتصادی فورم میں شرکت کے سلسلے میں ڈیووس میں موجود وزیراعظم عمران خان امریکی صدر ٹرمپ کو دورہ پاکستان کی دعوت دے چکے ہیں۔

’ٹرمپ کے دورہ پاکستان کی تاریخ پر کام جاری ہے‘

انہوں نے کہا کہ امریکی صدر پاکستان کا خصوصی دورہ کرنا چاہتے ہیں اور ان کے دورہ پاکستان کی تاریخ کے حوالے سےکام جاری ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کا خاکہ صدر ٹرمپ کے سامنے پھر رکھا ہے اور یہ معاملہ امریکا کے ساتھ کئی مواقع پر اٹھایا جاچکا ہے۔

 مقبوضہ کشمیر کی تازہ صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے عائشہ فاروقی نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن کو آج 172 دن ہو گئے ہیں، بھارتی فورسز نے حال ہی میں 4 کشمیریوں کو شہید کیا اور وہاں 80 لاکھ کشمیریوں کو غیر انسانی پابندیوں کا سامنا ہے۔

ترجمان نے بھارتی چیف آف ڈیفنس کے پاکستان مخالف بیانات  اور پاکستانی اقلیتوں کے بارے میں بھارتی پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی پروپیگنڈا مقبوضہ کشمیر اور بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔

’پاکستان اور چین تمام موسموں کے دوست ہیں‘

اس موقع پر پاک چین تعلقات سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے عائشہ فاروقی نے کہا کہ پاکستان اور چین تمام موسموں کے دوست ہیں، سی پیک ایک طویل المدتی منصوبہ ہے جس سے توانائی اور روز گار ملے گا، جو ممالک اسپیشل اکنامک زونز میں سرمایہ کاری کرنا چاہیں ان کا خیر مقدم کریں گے۔

انہوں نے بتایا کہ سی پیک کے تحت 7 منصوبے مکمل ہو چکے ہیں اور دیگر 9 منصوبے تکمیل کے قریب ہیں۔

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) سے متعلق ایک سوال پر ترجمان کا کہنا تھا کہ  پاکستان ایف اے ٹی ایف کے تمام رکن ممالک سے رابطہ رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔

مزید خبریں :