کسٹمر کو پیزا دینے سے قبل ڈیلیوری بوائے نے اس میں تھوک دیا

لڑکے نے پیزا دینے سے قبل نہ صرف اس میں تھوکا بلکہ اپنے موبائل سے اس کی ویڈیو بھی بنائی— فوٹو: فائل

ترکی میں ڈیلیوری بوائے کی جانب سے کسٹمر کو پیزا دینے سے قبل اس میں تھوکنے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔

ترکی کے وسطی علاقے ’اسکی شہر‘ میں براق نامی ڈیلیوری بوائے پر کیس چل رہا ہے جس نے صارف کو پیزا دینے سے قبل نہ صرف اس میں تھوکا بلکہ اپنے موبائل سے اس کی ویڈیو بھی بنائی تاہم وہ یہ نہیں جانتا تھا کہ اسے ایسا کرتے ہوئے سیکیورٹی کیمرہ ریکارڈ کررہا ہے۔

استغاثہ کی جانب سے عدالت سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ نوجوان کو 18 سال قید کی سزا سنائے۔

مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، ترکی کے شہر استنبول میں براق نامی نوجوان ایک کمپنی میں ڈیلیوری بوائے کا کام کرتا تھا اور اس نے ایک خاتون کو ان کا آرڈر دینے سے پہلے ان کے کھانے (پیزا) میں تھوک دیا۔

ترکی کی مقامی نیوز ایجنسی کے مطابق یہ واقعہ 2017 میں ترکی کے وسطی علاقے ’اسکی شہر‘ میں پیش آیا، واقعے کو صارف کے اپارٹمنٹ کی عمارت میں لگے کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کرلیا گیا تھا۔

ڈیلیوری مین کی شناخت اسی فوٹیج کی مدد سے کی گئی جس کا نام براق ہے۔ ویڈیو میں نوجوان کو کھانے میں تھوکتے اور خود اپنی ویڈیو بناتے دیکھا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ یہ بات ابھی تک معلوم نہیں ہوسکی کہ اس نے ایسا کیوں کیا؟

ملزم پر صارف کی صحت کو خطرے میں ڈالنے کی وجہ سے 4000 لیرا (تقریباً ایک لاکھ 4 ہزار پاکستانی روپے) کا جرمانہ کردیا گیا ہے جبکہ پراسیکیوٹر کی کوشش سے کہ ملزم کو کھانے کو زہریلا کرنے کے جرم میں زیادہ سے زیادہ قید کی سزا دلوائی جائے۔

اپارٹمنٹ کے مالک نے سیکیورٹی کیمرہ میں نوجوان کی ویڈیو دیکھنے کے بعد صارف خاتون کو کھانے سے متعلق خبردار کردیا تھا جس کے بعد واقعے کی شکایت درج کرائی گئی۔

ترکی میں عدالتی معیار انتہائی سخت ہے اور اگر آپ کسی دہشت گرد تنظیم کا حصہ ہوں تو آپ کو 15 سال قید کی سزا دی جاتی ہے اس حساب سے استغاثہ کی جانب سے ڈیلیوری بوائے کیلئے 18 سال قید کی درخواست بہت زیادہ ہے۔