پاکستان
Time 25 جنوری ، 2020

ن لیگ نے برمنگھم میں مشاورتی اجلاس بلانے کی خبر کی تردید کردی

برطانوی شہر برمنگھم میں مسلم لیگ (ن) کا کوئی مشاورتی اجلاس نہیں بلایا گیا: خواجہ آصف کی تردید— فوٹو:فائل 

حزب اختلاف کی جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) نے برمنگھم میں مشاورتی اجلاس بلانے کی خبر کی تردید کردی۔ 

گزشتہ روز  خبر آئی تھی کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے پارٹی کے سینیئر رہنماؤں کو برطانوی شہر برمنگھم طلب کیا ہے جہاں اہم معاملات پر مشاورت کی جائے گی۔ 

تاہم اب مسلم لیگ (ن) کے سینیئر رہنما خواجہ آصف نے اِس خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ برمنگھم میں پارٹی کا مشاورتی اجلاس بلانے کی خبر بے بنیاد ہے۔

انہوں نے کہا کہ برمنگھم میں مسلم لیگ (ن) کا کوئی مشاورتی اجلاس نہیں بلایا گیا۔

خیال رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف علاج کی غرض سے لندن میں مقیم ہیں جبکہ پارٹی صدر شہباز شریف بھی بڑے بھائی کے ساتھ وہیں ہیں۔

گزشتہ دنوں بھی ن لیگ کا اہم مشاورتی اجلاس لندن میں ہوا تھا جس میں شرکت کے لیے سینیئر رہنما لندن گئے تھے۔

یاد رہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے آرمی ایکٹ میں ترمیم کی غیر مشروط حمایت کی تھی جس پر پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں ارکان نے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

ارکان نے سوال اٹھائے کہ کہاں گیا ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ؟ سویلین بالا دستی کے نعرے کا کیا ہوا؟ غیر مشروط حمایت کی کیا جلدی تھی؟ عوام کا سامنا کیسے کرنا ہے؟ دیگر اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں کیوں نہیں لیا؟

مزید خبریں :