پاکستان
Time 25 جنوری ، 2020

عمران خان کا دورہ سوئٹزرلینڈ، اخراجات اکرام سہگل و دیگر دوستوں نے اٹھائے

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ان کے حالیہ دورہ سوئٹزرلینڈ کے اخراجات اکرام سہگل و دیگر دوستوں نے اٹھائے۔

خیال ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں 21 سے 24 جنوری تک جاری رہنے والے عالمی اقتصادی فورم میں شرکت کی اور اس دوران فورم کے مرکزی اجلاس سے خطاب کے علاوہ مختلف سیشنز میں بھی گفتگو کی۔

ڈیووس میں ناشتے کی میز پر گفتگو کے دوران عمران خان نے بتایا کہ ان کے ڈیووس کے دورے کے اخراجات اکرام سہگل، عمران چوہدری اور کچھ دیگر دوستوں نے اٹھائے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ اگر ان کے دوست دورے کے اخراجات نہ اٹھاتے تو وہ کبھی بھی ساڑھے 4 لاکھ ڈالرز کا بوجھ حکومت پر نہ ڈالتے۔

’ہمیں تو حکومت میں رہتے ہوئے ایسی دوستیوں کی اجازت نہیں‘

دوسری جانب عالمی اقتصادی فورم کے دوران لبنان کے سابق وزیر خارجہ کو اس وقت ہزیمت اٹھانا پڑی جب انہوں نے یہ بتایا کہ ان کے دورہ ڈیووس کیلئے رقم کسی اور نے دی تھی۔

جبران باصل کے اس جواب کے بعد صورتحال ان کیلئے مزید پریشان کن ہوگئی جب نیدرلینڈز کی وزیر نے کہا کہ انہیں تو حکومت میں ہوتے ہوئے ایسی دوستیوں کی اجازت ہی نہیں ہوتی۔

خیال رہے کہ عام طور پر عوامی عہدہ رکھنے والے شخص سے یہ توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنے دوستوں سے تحائف اور مالی فوائد حاصل نہ کرے کیوں کہ ایسا کرنے کی صورت میں اسے بھی دوستی نبھاتے ہوئے ان کے مفادات کا خیال رکھنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔

مزید خبریں :