پاکستان
Time 27 جنوری ، 2020

وزیر اعظم عمران خان کی پیر پگاڑا سے ملاقات، سندھ کی صورتحال پر تبادلہ خیال

وزیر اعظم عمران خان نے حکومتی اتحاد میں شامل گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس (جی ڈی اے) اور مسلم لیگ فکشنل کے سربراہ پیر پگاڑا سے ملاقات کی۔ 

وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے جہاں انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سمیت دیگر شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔

وزیراعظم نے اتحادی جماعت گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کے سربراہ پیر پگاڑا سے کنگری ہاؤس کراچی میں ملاقات کی۔ 

ملاقات میں وفاقی وزراء محمد میاں سومرو، اسد عمر، فیصل واوڈا، علی زیدی، غلام سرور خان اور گورنر سندھ عمران اسماعیل بھی موجود تھے۔

ملاقات میں سندھ کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

ترجمان وزیراعظم ہاؤس کے اعلامیے کے مطابق  ملاقات میں جی ڈی اے رہنماؤں نے وزیر اعظم کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور ان کو اپنے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

خیال رہے کہ گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کئی جماعتوں پر مشتمل اتحاد ہے جس میں مسلم لیگ فکشنل، نیشنل پیپلزپارٹی اور سندھ نیشنل فرنٹ سمیت دیگر شامل ہیں۔ 

حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کی وفاق اور پنجاب میں اتحادی حکومت قائم ہے، وفاق میں حکمران اتحاد میں مسلم لیگ (ق)، گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس (جی ڈی اے)، متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان اور بلوچستان نیشنل پارٹی (مینگل) شامل ہیں۔

گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کی قومی اسمبلی میں 3 نشستیں ہیں جبکہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا وفاقی کابینہ میں بھی شامل ہیں اور وہ وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ہیں۔ 

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس نے حکومتی کی جانب سے وعدے پورے نہ کرنے پر تحفظات کا اظہارکیا تھا تاہم بعدازاں حکومت سے مذاکرات میں ان کے گلے شکوے دور کردیے تھے۔

مزید خبریں :