دنیا
Time 28 جنوری ، 2020

برازیل میں طوفانی بارشوں اور سیلاب کے باعث 54 افراد ہلاک

سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ہزاروں افراد بے گھر ہوچکے ہیں اور 30 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے: برازیلی حکام — فوٹو: غیرملکی میڈیا 

برازیل کی جنوب مشرقی ریاستوں میں شدید بارشوں اور سیلاب کے باعث 54 افراد ہلاک ہوگئے۔ 

غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق شدید بارشوں اور سیلاب نے ریاست میناس گیرائس اور  اسپیریتو سینٹو کو متاثر کیا ہے جبکہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ہزاروں افراد بے گھر ہوچکے ہیں اور 30 ہزار سے زائد افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا ہے۔ 

حکام کا کہنا ہے کہ جنوب مشرقی ریاستوں میں اب تک شدید بارش، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث 54 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ متعدد لاپتہ ہیں۔

حکام نے بتایا کہ سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث کئی مکانات، پل اور سڑکیں تباہ ہوچکی ہیں۔

حکام کے مطابق ریاست میناس گیرائس میں ابتدائی طور پر 47 شہروں میں ہنگامی صورتحال نافذ کی گئی تھی تاہم نقصانات میں اضافے کے بعد 100 سے زائد شہروں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

حکام نے بتایا کہ ریسکیو اور مقامی اداروں کی مدد کے لیے فوج کو بھی طلب کرلیا گیا ہے جبکہ مزید بارش کی پیش گوئی کے باعث انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

میناس گیرائس کے گورنر رومیو زیما نے  متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور  بتایا کہ سیلاب سے سب سے زیادہ متاثرہ وہ علاقے ہوئے ہیں جہاں لوگ کچے مکانوں میں آباد تھے۔

علاوہ ازیں برازیل حکومت نے سیلاب سے متاثرین کی امداد اور بحالی کے لیے 2 کروڑ ڈالر مختص کیے ہیں۔

مزید خبریں :