فالوورز بڑھانے والی ویب سائٹ نے ہزاروں انسٹاگرام صارفین کا ڈیٹا چرالیا

صارفین جنھوں نے سوشل کیپٹن کا پلیٹ فارم استعمال کیا وہ فوری طور پر اپنے پاس ورڈ تبدیل کریں، انسٹاگرام— فوٹو: فائل

سوشل میڈیا کی فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر فالوورز کی تعداد بڑھانے کے لیے کام کرنے والی ویب سائٹ نے ہزاروں صارفین کا ڈیٹا خفیہ طریقے سے چرا لیا۔

’سوشل کیپٹن‘ نامی کمپنی نے انسٹاگرام صارفین کے فالوورز کی تعداد میں اضافے کے لیے ایک پلیٹ فارم کا آغاز کیا جہاں صارفین نے لاگ ان ہونے کے لیے یوزر نیم اور پاسورڈ ڈالے۔

تاہم اب ٹیک کرنچ نامی ویب سائٹ کے مطابق حال ہی میں یہ انکشاف ہوا ہے کہ بوسٹنگ سروس کی آڑ میں سوشل کیپٹن نامی کمپنی نے ہزاروں انسٹاگرام صارفین کے پاسپورڈ چرائے۔

ٹیک کرنچ کی رپورٹ کے مطابق جب انساگرام صارفین سوشل کیپٹن کے پلیٹ فارم کے ذریعے لاگ ان ہوتے تو کمپنی پلین ٹیکسٹ کے ذریعے صارفین کے پاسورڈ محفوظ کر لیتی۔

بات صرف یہیں تک محدود نہ رہی بلکہ سوشل کیپٹن کی ویب سائٹ پر آنے والی ایک تکنیکی خرابی (بگ) کے باعث کوئی بھی شخص کمپنی کے پلیٹ فام پر لاگ ان ہوئے بغیر کسی بھی صارف کی پروفائل دیکھ سکتا، جو کسی بھی صارف کے انسٹاگرام اکاؤنٹ کی معلومات لیک ہونے کا سبب بنا۔

ایک سیکیورٹی ماہر نے ٹیک کرنچ کو نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر لیک ہونے والے 10 ہزار اکاؤنٹس کی تفصیلات دکھائیں، اس شیٹ پر 4700 انسٹاگرام صارفین کے نام اور پاسپورڈ موجود تھے۔

سوشل کیپٹن کے چیف ایگزیکٹو نے اپنے پلیٹ فام پر آنے والے بگ کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ ہم نے ایک ڈمی اکاؤنٹ کے ذریعے بگ کا پتہ چلایا اور بعد ازاں اس مسئلے کو حل کیا تاکہ کوئی بھی شخص دوسرے شخص کے ڈیٹا تک رسائی حاصل نہ کر پائے۔

سوشل کیپٹن کی جانب سے تکنیکی خرابی دور کیے جانے کے باوجود صارف کے اکاؤنٹ کی تفصیلات سوشل کیپٹن کے ویب پیج سورس کوڈ پر دیکھی جا سکتی ہیں۔

دوسری جانب انسٹاگرام کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہم اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور اس حوالے سے مناسب اقدام اٹھائیں گے۔

فوٹو شیئرنگ ایپ کے ترجمان نے صارفین سے درخواست کی کہ کسی بھی غیر متعلقہ شخص کو اپنا پاسورڈ نہ دیں اور وہ صارفین جنھوں نے سوشل کیپٹن کا پلیٹ فام استعمال کیا وہ فوری طور پر اپنے پاسورڈ تبدیل کریں۔

مزید خبریں :