پاکستان
Time 31 جنوری ، 2020

وزیرخارجہ کا چینی ہم منصب سے رابطہ، کورونا وائرس کی صورتحال پر تبادلہ خیال

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا اپنے چینی ہم منصب وانگ ژی سے ٹیلفونک رابطہ ہوا ہے۔

دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ نے چین میں کورونا وائرس کے حملے اور وباء سے متاثرہ علاقوں کی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

چینی وزیر خارجہ نے کہا کہ چینی حکومت پاکستانی کمیونٹی کی ہر ممکن مدد کر رہی ہے اور ان کو اپنے شہریوں کی طرح سہولیات فراہم کر رہی ہے۔

چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے چین کے مختلف علاقوں میں کورونا وائرس کے حملے اور چینی حکومت کی جانب سے کیے گئے تمام حفاظتی اقدامات سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ چین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی بالخصوص زیر تعلیم طلبہ کو اس وباء سے بچانے کے لیے حکومت اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے چینی حکام کی جانب سے اب تک کی جانے والی کاوشوں پر اطمینان کا اظہار  کیا اور وائرس سے متاثرہ علاقوں میں مقیم پاکستانی کمیونٹی بالخصوص زیر تعلیم پاکستانی طلبہ کو خصوصی توجہ دینے پر چینی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

اس موقع پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام اور حکومت اس مشکل گھڑی میں چینی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

یاد رہے کہ کورونا وائرس سے چین میں اب تک 213 افراد ہلاک جبکہ تقریباً 10 ہزار افراد متاثر ہوچکے ہیں اور یہ وائرس چین سے نکل کر اس وقت دنیا کہ 20 ممالک تک پھیل چکا ہے۔

کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثرہ شہر ووہان میں 500 سے زائد پاکستانی طلبہ موجود ہیں جن میں سے 4 میں اِس وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جبکہ کئی طلبہ نے حکومت پاکستان سے اپیل کی ہے کہ انہیں وہاں سے نکالا جائے  تاہم حکومت کی جانب سے طلبہ کو چین نہ نکالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ 

مزید خبریں :