انڈوں کے چھلکوں میں ہزاروں سوراخ بنانے کا ریکارڈ

فوٹو: بشکریہ آڈیٹی سینٹرل

دنیا میں لوگ نت نئے ریکارڈ بنانے کے لیے انوکھے اور منفرد کام سر انجام دیتے ہیں اور اکثر اوقات لوگ ایسے حیرت انگیز کام بھی کر جاتے ہیں کہ دیکھنے والے بھی دنگ رہ جاتے ہیں۔

انڈوں کے چھلکے نہایت ہی نازک ہوتے ہیں جو با آسانی ٹوٹ جاتے ہیں، ہم نے اکثر لوگوں کو انڈوں کے چھلکوں سے فن پارے بناتے تو دیکھا ہوگا لیکن آج ہم آپ کو جس آرٹسٹ کے بارے میں بتانے والے ہیں ان کے بارے میں جان کر آپ حیران رہ جائیں گے۔

ترکی کے نامور آرٹسٹ ہیمت ہیران انڈوں کے چھلکوں پر نقش نگاری کرنے والے ایک آرٹسٹ ہیں جنہوں نے حال ہی میں ایک عالمی ریکارڈ بھی قائم کیا ہے۔

فوٹو: بشکریہ آڈیٹی سینٹرل

ہمارے لیے یہ سوچنا بھی محال ہے کہ کوئی کس طرح انڈے کے اتنے نازک چھلکوں پر سوراخ کر کے خوبصورت خطاطی بھی کر سکتا ہے؟

اس ناممکن سی سوچ کو ہیمت ہیران نے پایا تکمیل تک پہنچایا اور ایک انڈے کے چھلکے پر 12 ہزار سوراخ کر کے عالمی ریکارڈ بنانے کے ساتھ لوگوں کو  بھی دنگ کر دیا۔

ترکش آرٹسٹ 1988 میں ایک حادثے کے بعد معذور ہوگئے تھے اور انہوں نے اس معذوری کو اپنی کمزوری نا بننے دیا بلکہ انہوں نے اس معذوری کے ساتھ ہی انڈوں کے چھلکوں پر نقش نگاری کرنا شروع کر دی۔

یہ انڈوں کے چھلکوں پر نقش نگاری کرنے کے ساتھ ساتھ ان پر باریک باریک سوراخ بھی بناتے ہیں اور اس ضمن میں انہوں نے پہلا عالمی ریکارڈ 8 ہزار 708سوراخ بنا کر قائم کیا تھا بعد ازاں انہوں نے انڈے کے چھلکے پر 11 ہزار 827 سوراخ بنائے اور ان کا آخری ریکارڈ 12 ہزار سوراخ کا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ میں نے سب سے پہلے ایک پاکستانی آرٹسٹ کا ریکارڈ توڑا تھا جس کے بعد میں اپنے ہی بنائے ہوئے ریکارڈ توڑتا چلا گیا۔

ترکی کے اس آرٹسٹ نے انڈے کے ایک چھلکے پر 12 ہزار سوراخ ایک سال کے عرصے میں کیے لیکن انہوں نے اس سوراخوں کو بنانے کی تکنیک کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا۔

آرٹسٹ کا کہنا ہے کے وہ انڈوں کو ایک سرنج کی مدد سے خالی کرتے ہیں اور پھر انڈے کے چھلکے پر سوراخ کرتے ہیں۔

ہیمت ہیران ورلڈ ایگ کارونگ آرٹ انسائیکلوپیڈیا کے پہلے ترک باشندے ہیں جب کہ یہ ’ورلڈ ایگ کارونگ آرٹ فاؤنڈیشن‘ کے بھی ممبر ہیں۔