پاکستان
Time 03 فروری ، 2020

سرکاری حج کیلئے درخواستوں کی وصولی 15 فروری سے شروع ہونے کا امکان

رواں برس سرکاری حج کے اخراجات 5 لاکھ 50 ہزار روپے تک رکھنے کی تجویز ہے

رواں سال سرکاری حج کے لیے درخواستوں کی وصولی کا آغاز 15 فروری سے کیے جانے کا امکان ہے۔

وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے ایک عہدے دار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ وزارت کی جانب سے سرکاری حج کے لیے درخواستوں کی وصولی کا آغاز 15 فروری سے کیے جانے کا امکان ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس سال ایک لاکھ 79 ہزار 210 پاکستانی حج کی سعادت حاصل کریں گے جس میں 60 فیصد افراد سرکاری اسکیم کے تحت جبکہ باقی افراد نجی کمپنیوں کے ذریعے اس حجاز مقدس روانہ ہوں گے۔

وہ افراد جو لاہور، اسلام آباد اور پشاور سے حج کے لیے روانہ ہوں گے ان کے سرکاری حج کے اخراجات 5 لاکھ 50 ہزار تک رکھنے کی تجویز ہے جبکہ کراچی، کوئٹہ اور پشاور سے سفر کرنے والے حاجیوں کو 5 لاکھ 42 ہزار روپے ادا کرنے ہوں گے۔

شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے کامیاب درخواست گزاروں کا تعین کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں سعودی عرب کی طرف سے حاجیوں کے کوٹے میں اضافے کی صورت میں سرکاری اور نجی اسکیم کے درمیان تقسیم کا تناسب 60 اور 40 ہوگا۔

عازمین حج کو سعودی ائیرلائنز، پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن، ائیر بلو اور سعودی گلف کے ذریعے حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب لے جایا جائے گا۔

حج کی پروازیں اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ، رحیم یار خان، سکھر، ملتان، فیصل آباد اور سیالکوٹ سے چلائی جائیں گی۔

مزید خبریں :