پاکستان
Time 04 فروری ، 2020

پہلے پی ایم اے لانگ کورس کی پلاٹینم جوبلی ری یونین، آرمی چیف کی بھی شرکت

آرمی چیف نے فرسٹ پی ایم اے لانگ کورس کے شرکاء کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا: آئی ایس پی آر — فوٹو: آئی ایس پی آر 

راولپنڈی: پہلے پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) لانگ کورس کی پلاٹینم جوبلی ری یونین کی تقریب ہوئی جس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی شرکت کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فرسٹ پی ایم اے لانگ کورس پلاٹینم جوبلی ری یونین کی تقریب راولپنڈ ی میں ہوئی، تقریب کے مہمان خصوصی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ تھے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف نے فرسٹ پی ایم اے لانگ کورس کے شرکاء کو بھرپور خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ فرسٹ پی ایم اے لانگ کورس کے شرکاء نے پاک فوج کو اولین قیادت دی، پاک فوج نے انسٹیٹیوٹ آف ملٹری ہسٹری قائم کیا ہے جس میں ہم اپنی فوجی تاریخ اور سابق فوجیوں کے تجربات محفوظ کر رہے ہیں، سابق فوجیوں کے تجربات سے نوجوان فوجی افسران مستفید ہوں گے۔

ری یونین تقریب میں فرسٹ لانگ کورس کے شرکاء اور ان کے اہل خانہ نے شرکت کی۔

فرسٹ پی ایم اے لانگ کورس کا آغاز جنوری 1948 میں ہوا جس سے 4 فروری 1950 کو 62 افسران نے کمیشن حاصل کیا، ان افسران میں میجر عزیز بھٹی شہید بھی شامل تھے۔ 

مزید خبریں :