پاکستان
Time 05 فروری ، 2020

کشمیریوں کیلئے ہماری غیر متزلزل حمایت جاری رہے گی، آرمی چیف

یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پیغام میں کہا ہے کہ کشمیریوں کے لیے ہماری غیر متزلزل حمایت جاری رہے گی۔

آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ اِس سال یوم یکجہتی کشمیر مذموم بھارتی جارحیت کے تناظر میں منایا جا رہا ہے، بھارتی جارحیت کا مقصد کشمیریوں کے حقوق کو غصب کرنا اورطاقت کے استعمال سے دبانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی کو جیل میں تبدیل کرتے ہوئے لاکھوں کشمیریوں کو قید کیا گیا ہے، کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی میں اپنا حق خود ارادیت حاصل کرنے کے لیے جدوجہد کررہے ہیں۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ اِس سال 5 فروری یکجہتی کے اظہار سے بڑھ کر ہے اور آج ہم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، کشمیری ثابت قدمی سے بھارتی جبر و استبداد کا مقابلہ کر رہے ہیں، ہم کشمیریوں کے حوصلے اور ہمت کی داد دیتے ہیں۔

آرمی چیف نے مزید کہا کہ کشمیریوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ اس جدو جہد میں وہ اکیلے نہیں ہیں، ہم کشمیریوں کی تکالیف اور بہتر کل کے خوابوں میں ان کے ساتھ کھڑے ہیں، ہم دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑنے میں اپنا کردار ادا کر تے رہیں گے اور کشمیریوں کے لیے ہماری غیر متزلزل حمایت جاری رہے گی۔

ان کا کہنا ہے کہ پائیدار امن ابھی تک ایک خواہش سے زیادہ کچھ نہیں ہے، بھارتی افواج جان بوجھ کر آزاد کشمیر کی شہری آبادی کو اپنی جارحیت کا نشانہ بنا رہی ہیں، آج ہمارے فوجی جوان اورشہریوں کی لازوال قربانیاں جدوجہد کشمیر کو زندہ رکھے ہوئے ہے۔

آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان آرمی اپنے فرائض کی انجام دہی میں مستعد ہے، ہم ہر قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت اور استعداد رکھتے ہیں، امن کی خواہش اور بھارت کے ہاتھوں کشمیریوں کے نقصانات کو مدنظر صبر و تحمل کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ طویل جدوجہد میں ہم ہر قیمت پر ثابت قدمی سے اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

یاد رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا جس کا مقصد مقبوضہ کشمیر کے عوام کو حق خود ارادیت اور بھارتی مظالم کے خاتمے کے لیے آواز اٹھانا ہے۔

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کیا۔

مزید خبریں :