کاروبار
Time 06 فروری ، 2020

ٹوئٹر صارفین میں اضافے کے باعث آمدنی میں بھی ریکارڈ اضافہ

 ٹوئٹر کی آمدنی میں اضافہ ظاہر کرتا ہے کہ اشتہارات دینے والے افراد میں ٹوئٹر پر اعتماد میں اضافہ ہوا ہے،فوٹو:فائل 

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے اپنے مالی سال 2019 کی چوتھی سہہ ماہی میں توقعات سے زیادہ ریکارڈ بزنس کیا ہے۔

فرانسیسی خبررساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ٹوئٹر نے اپنے صارفین کی تعداد (32 کروڑ سے زائد) میں اضافے  سے اشتہارات کی مد میں حاصل ہونے والی آمدنی سے ایک سہہ ماہی میں 11 فیصد اضافے کے ساتھ پہلی بار ایک ارب ڈالر کمائے ہیں۔

اشتہارات کے ذریعے حاصل ہونے والی آمدنی میں کمی کے خدشات کے باوجود ٹوئٹر کی جانب سے اچھی کارکردگی کے باعث اسٹاک مارکیٹ شیئرز کی قیمتوں میں بھی 8 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق روزانہ 152 ملین (15 کروڑ سے زائد)صارفین نے ٹوئٹر کا استعمال کیا  جو کہ گذشتہ سال کے مقابلے میں 21 فیصد زیادہ ہے۔

ٹوئٹر کے سی ای او جیک ڈورسے کا کہنا ہے کہ ٹوئٹر کے لیے یہ سال انتہائی بہترین رہا ہے اور یہ نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ ہم نے نئے  تقاضوں کے مطابق ٹوئٹر کے استعمال میں مزید آسانی کو یقینی بنایا ہے۔

جیک ڈورسے کا کہناہے کہ 2020 میں داخل ہوتے ہوئے ہم اپنی رفتار کا تعین کرنے کے ساتھ تیزی سے سیکھ کر اسے پیش بھی کررہے ہیں اور نئے اور بہترین ٹیلنٹ کو اپنی ٹیم کا حصہ بنارہے ہیں۔

ٹوئٹر ان دنوں فیس بک اور انسٹا گرام جیسے بڑے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی رفتار کا مقابلہ کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے اور اس کے لیے اپنی ویب سائٹ کو صارفین کے لیے زیادہ سے زیادہ آسان بنانے کی کوشش کررہا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹوئٹر کی آمدنی میں اضافہ ظاہر کرتا ہے کہ اشتہارات دینے والے افراد میں ٹوئٹر پر اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور اس کی اہم وجہ روزانہ اوسطاً 15 کروڑ سے زائد صارفین کا ٹوئٹر استعمال کرنا ہے۔

ماہرین کا مزید کہنا ہے کہ ٹوئٹر کی جانب سے سیاسی اشتہارات پر پابندی اور جعلی خبروں اور افواہوں کے حوالے سے پالیسی سخت کرنے کے باعث بھی اشتہاری کمپنیوں کے ٹوئٹر پر اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔

مزید خبریں :