پاکستان
Time 07 فروری ، 2020

الفا براوو چارلی کے مقبول کردار چل بسے

فوٹو: فائل

پاکستان کے معروف نیزہ باز اور نواب آف اٹک ملک عطاء محمد خان گزشتہ روز  دنیائے فانی سے کوچ کر گئے۔

پرنس کا لقب پانے والے ملک عطاء محمد خان 1941ء میں پیدا ہوئے تھے اور انتقال کے وقت ان کی عمر 78 سال تھی۔

 پنجاب اسمبلی کے سابق رکن ملک عطاء محمد خان پنجاب کے علاقے کوٹ فتح خان کے نواب تھے۔

ملک عطاء محمد خان کے انتقال پر وزیر خارجہ شاہ محمود نے بھی مرحوم کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔

ملک عطاء محمد خان نے کھیل کے میدان میں اپنا لوہا منوانے کے ساتھ ساتھ اداکاری کے میدان میں بھی خوب داد سمیٹی۔

فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

معروف نیزہ باز  آئی ایس پی آر کے اشتراک سے بننے والے ملکی تاریخ کے مقبول ترین ڈرامے ’الفا، براوو، چارلی‘ میں کیپٹن فراز کے والد کا کردار ادا کرکے مشہور ہوئے اور 2017 میں انہوں نے فلم ’ورنہ‘ میں گورنر کا کردار بھی ادا کیا۔

ملک عطاء محمد خان ایک بہترین گُھڑ سوار بھی تھےاور وہ گُھڑ سواری اور ٹینٹ پیگنگ فیڈریشن آف پاکستان کے پہلے منتخب صدر ہونے کا اعزاز بھی رکھتے تھے۔

معروف نیزہ باز اور گُھڑ سوار ملک عطاء محمد خان نے 1982  میں ایشین گیمز میں چاندی کا تمغہ بھی جیتا تھا۔

فوٹو: بشکریہ ٹوئٹر

علاوہ ازیں ملک عطاء محمد خان نے 1990ء کے انتخابات میں اپنے آبائی علاقے اٹک میں آزاد حیثیت سے الیکشن لڑا جس میں کامیاب ہو کر وہ پنجاب اسمبلی کا حصہ بنے جب کہ اس سے قبل وہ اسلامی جمہوری اتحاد کا بھی حصہ رہے۔

مزید خبریں :