پالتو بلیوں کی صحت بتانے والا ٹریکر ایجاد

فوٹو: بشکریہ سی نیٹ

فٹنس ٹریکر یعنی ایسی چیز جو آپ کی صحت پر نظر رکھتی ہے جو آپ کو بتاتی ہے کہ چہل قدمی کے دوران آپ کتنے قدم چلے، آپ نے اس دوران کتنی کیلوریز جلائی ہیں اور آپ کتنے گھنٹے سوئے ہیں، یہ تمام تر معلومات جاننا ہر انسان کے لیے ضروری ہوتی ہیں۔

فٹنس ٹریک کرنے کے لیے متعدد ایپلیکیشنز اور اسمارٹ واچز متعارف کرائی جا چکی ہیں جو کہ صارفین کو ان کی صحت سے متعلق تمام تر معلومات فراہم کرتی ہیں۔

لیکن اب انسان نہیں بلکہ پالتو بلیوں کے لیے فٹ بٹ نے ایک فٹنس ٹریکر ایجاد کیا ہے جس کا نام ’پُرسانگ پینڈنٹ‘ ہے جو کہ خاص بلیوں کے لیے ڈیزائن کیا ہے۔

’پُرسانگ پینڈنٹ‘ آپ کی پالتو بلی کی تمام تر حرکات اور سونے کے پیٹرن پر نظر رکھتی ہیں، اسے بنانے کا مقصد یہ ہی ہے کہ آپ اپنے پالتو جانور کی روٹین اور صحت کے بارے میں جان کاری حاصل کرسکیں۔

اگر آپ کی پالتو بلی کی صحت میں کوئی خرابی یا اس کی روٹین میں کوئی تبدیلی آئے گی تو یہ ’پُرسانگ پینڈنٹ‘مالک کو بتائے گی کہ کچھ نا کچھ غلط ہے۔

پالتو بلیاں پالنے والے مالکان اس بات سے ضرور اتفاق کرتے ہوں گے کہ ان کے لیے یہ بات سمجھنا بے حد مشکل ہوجاتا ہے کہ ان کی بلی کب بیمار ہے۔

یہ فٹنس ٹریکر مالک کو پہلے ہی آگاہ کر دیتا ہے کہ ان کی بلی کی صحت میں کوئی نا کوئی مسئلہ ہے اور آپ کو جانوروں کے ڈاکٹر کے پاس جانے کی ضرورت ہے۔

یہ ٹریکر تمام تر معلومات بلو ٹوتھ کے ذریعے موبائل فون کی ایپلیکیشن  سے الرٹ جاری کرتا ہے، مثال کے طور پر اگر آپ کی بلی عام دنوں کے مقابلے میں تھوڑی سست ہے تو یہ ٹریکر آپ کو الرٹ جاری کرے گا۔

’پُرسانگ پینڈنٹ‘ ٹریکر ایک چھوٹی سی ٹافی کے جتنا ہے جس کی کارکردگی پانی اور دھول مٹی سے متاثر نہیں ہوگی، اسے بلی کی گردن کے پاس لگایا جائے گا جو کہ چارج کرنے کے بعد ایک ماہ تک چلے گا۔

اگر آپ بھی اپنی پالتو بلی کی بہترین صحت چاہتے ہیں تو یہ فٹنس ٹریکر آپ کے لیے اچھا ثابت ہوگا۔

مزید خبریں :