گلوکارہ شبنم مجید نے خلع کے لیے عدالت سے رجوع کرلیا

—فوٹو فیس بک

لاہور: معروف گلوکارہ شبنم مجید نے شوہر سے علیحدگی کے لیے خلع کا دعویٰ دائر کردیا۔ 

شبنم مجید نے لاہور کی فیملی کورٹ میں شوہر  واجد علی سے خلع لینے کے لیے درخواست دائر کی۔

درخواست میں شبنم مجید نے مؤقف اختیار کیا کہ ان کے چار بچے ہیں، شوہر واجد علی نے اپنی سابقہ بیوی سے رجوع کرلیا ہے، واجد علی اور سابقہ بیوی کی تصویریں بھی وائرل ہوچکی ہیں۔

شبنم مجید کا کہنا تھا  کہ اس صورتحال میں وہ سخت پریشان ہیں اور شوہر کے ساتھ گزارہ ممکن نہیں۔

شبنم مجید نے مزید کہا کہ وہ ذہنی کرب میں مبتلا ہیں اور ان کا شوہر کےساتھ رہنا مشکل ہوگیا ہے لہٰذا عدالت خلع کی ڈگری جاری کرے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز معروف گلوکارہ صنم ماروی نے بھی اپنے شوہر حامد علی سے علیحدگی کے لیے خلع کا دعویٰ دائر کیا ہے۔

درخواست میں صنم ماروی نے مؤقف اختیار کیا کہ شوہر حامد علی سے 2009 میں شادی ہوئی مگر شادی کے کچھ عرصے بعد شوہر کا رویہ بدل گیا تھا، شوہر بچوں کے سامنے گالیاں دیتا اور مارتا پیٹتا ہے، میں صرف اپنے بچوں کی خاطر شوہر کا ظلم برداشت کرتی رہی۔