پاکستان
Time 08 فروری ، 2020

پاکستان ہر سطح اور فورم پرکشمیریوں کی آواز بلند کرتا رہے گا: وزیرخارجہ

برطانیہ میں مقیم پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا، شاہ محمود — فوٹو: پی آئی ڈی 

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے آزاد جموں و کمشیر کے پارلیمانی رہنماؤں نے  ملاقات کی ہے۔

وزرات خارجہ میں ہونے والی ملاقات میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر، وفاقی وزیر برائے گلگت و بلتستان اور کشمیر امور علی امین گنڈا پور اور آزادا کشمیر کی پارلیمانی جماعتوں کے رہنما شریک تھے۔

اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم نے سفارتی حوالے سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزی کو بھرپور طریقے سے اجاگر کرنے کی کوشش کی۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی اور کشمیری کمیونٹی نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ ریاستی جبر سے کشمیریوں کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا، ہندوتوا کی سوچ پر عمل پیرا مودی سرکار کا اصل چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے، پاکستان ہر سطح اور ہر فورم پرکشمیریوں کی آواز بلند کرتا رہے گا۔

آزاد کشمیر کے پارلیمانی رہنماؤں نے 5 فروری کو وزیر اعظم عمران خان کے آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کو سراہا۔

خیال رہے کہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے آزاد کشمیر کا دورہ کیا تھا اور آزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی سے خطاب کیا تھا۔

مزید خبریں :