دنیا
Time 09 فروری ، 2020

افغانستان میں امریکی بیس پر فائرنگ سے دو فوجی ہلاک، 6 زخمی

افغان صوبے ننگر ہار میں امریکی فوجی بیس پر فائرنگ سے 2 امریکی اہلکار ہلاک اور 6 زخمی ہو گئے۔

امریکی فوج کے ترجمان کرنل سونی لیگیٹ نے فوجی بیس پر فائرنگ میں ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ افغان فورسز کی وردی میں ملبوس اہلکار نے مشین گن سے فائرنگ کی اور براہ راست امریکی فوجیوں کو نشانہ بنایا۔

کرنل سونی لیگیٹ کا کہنا ہے کہ ہم ابھی حملے کی وجوہات کے حوالے سے معلومات اکٹھی کر رہے ہیں۔

اسپیشل انسپکٹر جنرل آف افغانستان ری کنسٹرکشن کی رپورٹ کے مطابق 2019 کے آخری سہہ ماہی سے اب تک افغان فورسز کے اہلکاروں کی جانب سے 33 حملے ہو چکے ہیں جس میں 90 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔

اگر سال 2019 کی بات کی جائے تو افغان فورسز کے اہلکاروں کی جانب سے مجموعی طور پر 82 اندرونی حملے ہوئے جن میں 172 افراد ہلاک اور 85 زخمی ہوئے۔

خیال رہے کہ اس وقت افغانستان میں تقریباً 13 ہزار امریکی فوجی تعینات ہیں اور 2001 سے جاری آپریشن کے باوجود افغان طالبان ملک کے بہت بڑے حصے کو کنٹرول کر رہے ہیں۔

مزید خبریں :