پاکستان
Time 09 فروری ، 2020

سارے چور عدالتوں سے ریلیف لیکر باہر آ رہے ہیں: فردوس عاشق اعوان

فوٹو: فائل

وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر  فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ مصنوعی بحران پیدا کرنے میں کچھ نیٹ ورکس ملوث ہیں اور حکومت ذخیرہ اندوزوں کے نیٹ ورکس سے واقف ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ ناجائز اثاثے بنانے والے کسی بھی طبقے سے تعلق رکھتے ہوں وہ جوابدہ ہیں، وزیر اعظم نے کہا تھا کہ چوروں کو نہیں چھوڑوں گا اور انہیں کیفر کردار تک پہنچاؤں گا۔

وزیر اعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ ذاتی درد سے جڑے بیانیے والے عدالتوں سے باہر آ رہے ہیں، سارے چور عدالتوں سے ریلیف لے کر باہر آ رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ گلے سڑے نظام میں اصلاحات کے لیے چیلنجز درپیش ہیں اور حکومت گلے سڑے نظام میں تبدیلی کے لیے اصلاحات لا رہی ہے۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ مفاہمت اور این آر او کی سیاست عوام کی نظروں سے اوجھل نہیں رہی، وزیر اعظم عوام سے کیےگئے وعدے سے ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

معاون خصوصی برائے اطلاعات کا کہنا ہے کہ مافیا سمجھتے ہیں کہ اگر عمران کامیاب ہوا تو ہماری دکانیں بند ہو جائیں گی۔

مزید خبریں :