انسٹاگرام کے ذریعے کمائی کرنے والا فیچر آزمائشی مراحل میں

فوٹو: فائل

معروف ویڈیو شیئرنگ سائٹ یوٹیوب سے مواد بنانے والے کمائی حاصل کرتے ہیں لیکن اب فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام کے ذریعے سے بھی صارفین جلد کما سکیں گے۔

جی ہاں! فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام بھی جلد ’مونیٹائزیشن‘ فیچر کو ایپ میں شامل کرنے جا رہا جس سے انسٹاگرام پر مقبول شخصیات ویڈیوز کے ذریعے کمائی حاصل کر سکیں گی۔

رپورٹس کے مطابق فیس بُک کی زیرِ ملکیت ایپ انسٹاگرام ایک ایسے نئے فیچر کی منصوبہ بندی کر رہا ہے جس سے مواد بنانے والے اپنے مواد کو پوسٹ کر کے اس سے کمائی بھی حاصل کر سکیں گے۔

اگر ہم ابھی انسٹاگرام ایپ کی بات کریں تو مواد بنانے والے اور مقبول شخصیات صرف برانڈ کی تشہیر کرتے ہوئے ’پیڈ پارٹنرشپ‘ کے ذریعے ہی کماتے ہیں۔

لیکن اب کمپنی مواد بنانے والوں کے لیے نیا فیچر بنانے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے جس کے تحت صارفین کی آئی جی ٹی وی ویڈیوز میں اشتہارات شامل ہو سکیں گے اور وہ ان ویڈیوز کے ذریعے سے کمائی بھی حاصل کر سکیں گے۔

انسٹاگرام کا یہ فیچر جو ابھی تجربے کے مرحلے میں ہے اس کی تصدیق ایلگسزینڈرو ووائکا نے کی ہے جو کہ فیس بک ٹیک کامس مینجر ہیں۔

علاوہ ازیں انسٹاگرام کے سی ای او ایڈم موسری نے بھی اس فیچر کے حوالے سے ٹوئٹر پر تصدیق کی ہے۔

مزید خبریں :