پاکستان
Time 10 فروری ، 2020

اسحاق ڈار کے گھر لنگر خانہ کھولا تو مشرف کے گھر بھی کھولیں: رہنما (ن) لیگ

فائل فوٹو: جاوید عباسی

اسلام آباد: سینیٹ کی قائمہ کمیٹی داخلہ نے اسحاق ڈار کے گھر کو لنگر خانے میں تبدیل کرنے کی شدید مخالفت کی ہے جب کہ (ن) لیگ کے جاوید عباسی نے کہا ہےکہ اسحاق ڈار کے گھر لنگر خانہ کھولا ہے تو مشرف کے گھر بھی کھولیں۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس سینیٹر رحمان ملک کی زیرصدارت ہوا جس میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے گھر کو لنگر خانے میں تبدیل کرنے کا معاملہ زیر بحث آیا۔

مسلم لیگ (ن) کے جاوید عباسی نےکہا کہ اسحاق ڈار ابھی تک سینیٹر ہیں، ان کےگھر میں لنگر خانہ کھول دیا، یہ حکومتی اداروں نے کیا ہے، اگر یہی کرنا ہے تو پھر پرویز مشرف کے گھر بھی کردیں، یہ سیاسی انتقام ہے،کل کسی کے گھر بھی چلے جائیں گے۔

(ن) لیگ کی کلثوم پروین کا کہنا تھا کہ سینیٹ کے ممبر جس پر الزامات ثابت نہیں ہوئے ان کےگھر لنگر خانہ بنا دیا،ایسے اقدامات ظالم سے ظالم شخص بھی نہ کرسکے۔

اسحاق ڈار کے گھر کو  پناہ گاہ بنانے پر سینیٹ کمیٹی کانوٹس

لیگی ارکان کے احتجاج پر سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے اسحاق ڈار کے گھر کو لنگر خانے میں تبدیل کرنے کا نوٹس لے لیا۔

چیئرمین کمیٹی رحمان ملک نے کہا کہ پنجاب حکومت کا کون آئن اسٹائن ہے جس نے ہائی کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی کی، اسحاق ڈار کا گھر جب نیلام نہیں ہوسکتا تو پھر اس طرح شیلٹر ہوم کیسے کھل سکتا ہے، وزیراعظم اس معاملے کا نوٹس لیں،کیا ان کی حکومت کے خلاف سازش تو نہیں۔

انہوں نے کہا کہ احتساب کریں، سیاسی انتقام نہ لیں، اسحاق ڈار کے گھر کا اس طرح استعمال عدالتی احکامات کی خلاف ورزی ہے، وہاں چند لوگوں کو بٹھا کر کھانا کھلا کر کیا ثابت کرنے کی کوشش کی گئی، پنجاب میں کون اتنا مضبوط ہوگیا ہے جو قانون بھی توڑ دے۔

گھر کو پناہ گاہ بنانے کی مخالفت، وزارت داخلہ سے جواب طلب 

کمیٹی نے اسحاق ڈار کے گھر کی شیلٹر ہوم میں تبدیلی کی شدید مخالفت کی اور وزیراعظم سے نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے وزارت داخلہ سے جلد رپورٹ طلب کرلی۔

واضح رہےکہ حکومت نے پہلے لاہور کے علاقے گلبرگ میں واقع اسحاق ڈار کی رہائش گوہ ہجویری ہاؤس کو نیلام کرنے کا اعلان کیا جس پر چند روز قبل ان کے گھر کی نیلامی کی تیاریاں شروع ہوچکی تھیں تاہم اسلام آباد ہائیکورٹ نے حکام کو نیلامی سے روک دیا جس کے بعد پنجاب حکومت نے ان کی رہائش گاہ کوپناہ گاہ میں تبدیل کردیا۔

مزید خبریں :