کہیں آپ کے موبائل فون میں بھی یہ 9 ایپس تو موجود نہیں؟

ماہرین نے اسمارٹ فون صارفین کو خطرناک ایپس ڈاؤن لوڈ کرنے سے خبردار کردیا— فوٹو: بلوم برگ

ٹرینڈ مائیکرو کی حالیہ رپورٹ میں اینڈرائیڈ صارفین کو خطرناک موبائل ایپس سے خبردار کیا گیا ہے جو اینڈرائیڈ ڈیوائسز میں خطرناک وائرسز کا سبب بن سکتی ہیں۔

ہواوے سے لے کر سام سنگ تک اسمارٹ فونز وہ ڈیوائسز ہیں جو دنیا میں سب سے زیادہ استعمال کی جاتی ہیں۔ لیکن اگر آپ کے پاس بھی اینڈرائیڈ ڈیوائسز ہیں تو آپ کو بھی خبردار رہنا چاہیے کہ کہیں آپ کے موبائل میں بھی ایسی ایپلیکیشنز تو انسٹال نہیں ہیں۔

سائبر سیکیورٹی اینڈ ڈیفینس کمپنی (ٹرینڈ مائیکرو) نے اپنی رپورٹ میں اینڈرائیڈ موبائل صارفین کو ایسی گوگل ایپس سے خبردار کردیا جو آپ کے موبائل کے ڈیٹا اور فون کو نقصان پہنچاسکتی ہیں۔

ٹرینڈ مائیکرو کی حالیہ رپورٹ میں اس بات کا انکشاف کیا گیا ہے کہ 9 ایسی موبائل ایپس ہیں جس سے آپ کے موبائل فونز میں خطرناک وائرسز حملہ آور ہوسکتے ہیں اور آپ کے موبائل ڈیٹا کو نقصان پہنچاسکتے ہیں۔

رپورٹ میں لکھا گیا ہے کہ حال ہی میں کی گئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ گوگل پلے اسٹور پر موجود مختلف قسم کے ضرر رساں آپٹمائزرز، بوسٹرز اور یوٹیلیٹی ایپس موجود ہیں جنہیں اگر باآسانی آپ کے موبائل کے ریموٹ اور کنفیگیریشن سروسز تک رسائی حاصل ہو وہ ڈیوائسز میں مختلف قسم کے وائرس، فراڈ ایڈ اور 3 ہزار سے زائد وائرسز ڈاؤن لوڈ کرسکتے ہیں۔

محققین کے مطابق پریشان کن بات تو یہ ہے کہ یہ خطرناک موبائل بوسٹنگ ایپس 4 لاکھ 7 ہزار سے زائد مرتبہ ڈاؤن لوڈ کی جاچکی ہیں۔

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ایک اندازے کے مطابق 3 ہزار سے زائد وائرسز جو باآسانی متاثرہ موبائل فونز میں ڈاؤن لوڈ ہوسکتے ہیں وہ آپ کے موبائل سسٹم کو کنٹرول کرلیتے ہیں جس کی وجہ سے ان کے آئکنز بھی آپ کے موبائل ایپلیکشنز لسٹ میں نظر نہیں آپاتے۔

جبکہ سائبر کرمنلز ان ڈیوائسز کو ان ضرر رساں ایپس کے بارے میں جھوٹی مثبت رائے دینے کے لیے اور فراڈ ایڈ تکنیک کے استعمال سے ان ایپس کے ’پاپ اپ‘  ہونے والے اشتہار پر کلک کرنے کیلئے بھی استعمال کرسکتے ہیں۔

خوشی کی بات یہ ہے کہ گوگل نے ان تمام 9 ایپس کو پلے اسٹور سے ہٹادیا ہے تاہم صارفین کو چاہیے کہ وہ کسی بھی ایپ کو ڈاؤن لوڈ کرنے سے قبل اس کی اچھی طرح چھان بین کرلیں۔

وہ 9 ضرر رساں ایپس یہ ہیں:

  1. Shoot Clean
  2. Super Clean Lite
  3. Super Clean
  4. Quick Games
  5. Rocket Cleaner
  6. Rocket Cleaner Lite
  7. Speed Clean
  8. LinkWorldVPN
  9. H5 Gamebox

مزید خبریں :