پاکستان
Time 11 فروری ، 2020

اپوزیشن نے کچھ نہیں بگاڑا، حکومت کا پہلوان اپنے بوجھ سے گررہا ہے: خواجہ آصف

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے حکومت کا کچھ نہیں بگاڑا ہے لیکن حکومت کا پہلوان اپنے ہی بوجھ سے گِر رہا ہے۔

قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے خواجہ آصف کاکہنا تھا کہ کاش وزیراعظم کے فرمودات اسکرین پر چلا کر دکھائے جاتے، وہ کہتے تھے کہ جب مہنگائی ہو ٹیکس بڑھیں تب سمجھ لیں کرپشن ہو رہی ہے، 2014 میں عمران خان نے کہا تھا کہ بجلی کی قیمت 50 فیصد کم ہو سکتی ہے، اب بجلی کی قیمت بھی بڑھ گئی ہے اور کرپشن بھی بڑھ گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آٹا اور چینی بحران سے فائدہ اٹھانے والے موجودہ حکومت کے کفیل ہیں، ملک میں مہنگائی کئی گنا بڑھ گئی ہے، ایف آئی اے کو یہ حکم دیا کہ موجودہ چینی بحران پر رپورٹ تیار کی جائے، ایف آئی اے نے چینی بحران پر رپورٹ جمع کرائی ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ یہ حکمران خود اپنے دشمن ہیں، آٹے اور چینی کا بحران پیدا کرنے والے حکومت میں بیٹھے ہیں، حکومت نے ملک کو چینی اور آٹا مافیا کی پناہ گاہیں بنادیا ہے، اسٹاک مارکیٹ میں ایک دن میں 143 ارب روپے کا نقصان ہوا۔

خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ حکومت کی تبدیلی میں آئینی تقاضے پورے کیے جائیں،  ہم نہ کوئی سازش کریں گے اورنہ ڈیل کریں گے، اگر تبدیلی آتی ہے تو کسی سازش کا حصہ نہیں بنیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم انتظارکریں گے کہ یہ حکومت مہنگائی اور اپنی کرپشن کے نتیجے میں انجام تک پہنچے، حکومت کا پہلوان اپنے بوجھ سے گِر رہا ہے، اپوزیشن نے حکومت کا کچھ نہیں بگاڑا۔

خیال رہے کہ اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) کے ارکان پارلیمنٹ نے مہنگائی کے خلاف ایوان کے باہر احتجاج بھی کیا۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر مہنگائی کے خلاف ہونے والے احتجاج میں ارکان قومی اسمبلی اور سینیٹ نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر مہنگائی کے خلاف نعرے درج تھے۔ 

خیال رہے کہ ملک میں مہنگائی کا جن بے قابو ہوگیا ہے اور رواں سال کے پہلے مہینے میں مہنگائی کی شرح 14.6 فیصد رہی جو کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حکومت میں سب سے زیادہ ہے۔

ادارہ شماریات پاکستان کی ماہانہ رپورٹ کے مطابق دسمبر 2019 میں مہنگائی کی شرح 12.6 فیصد تھی جو جنوری 2020 میں بڑھ کر 14 اعشاریہ 6 فیصد ہو گئی جب کہ جنوری 2019 میں یہ شرح 5.6 فیصد تھی۔

دوسری جانب وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی کی منظوری دی گئی جس کے بعد یوٹیلٹی اسٹورز پر آٹا، گھی، دالیں، چینی اور چاول مارکیٹ سے 10 سے 25 فیصد کم ریٹ پر ملیں گے۔

وفاقی کابینہ نے 5 ماہ میں یوٹیلٹی اسٹورز کو 10 ارب روپے جاری کرنے کی بھی منظوری دی، اس کے علاوہ ماہ رمضان میں یوٹیلٹی اسٹورز کو 5 ارب روپے الگ سے ملیں گے۔

مزید خبریں :