بل گیٹس نے 64 کروڑ ڈالر سے زائد کی سُپر کشتی خریدلی؟

بل گیٹس نے 64 کروڑ ڈالر سے زائد کی سُپر کشتی خریدلی—ٹیلی گراف فوٹو  

دنیا کی امیر ترین شخصیات میں شامل مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس کے حوالے سے یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ انہوں نے64 کروڑ ڈالر سے زائد مالیت کی سُپر کشتی خرید لی ہے۔

برطانوی اخبار ٹیلی گراف کی رپورٹ کے مطابق بل گیٹس نے ایسی کشتی خرید لی ہے جو جدید ہائیڈروجن پاور ٹیکنالوجی سے لیس ہے جب کہ بل گیٹس نے یہ کشتی 644 ملین ڈالرز میں خریدی۔

اس کشتی کی لمبائی 112 میٹر ہے، اس میں 5 ڈیکس ہیں جس میں 14 مہمان اور 31 افراد پر مشتمل عملے کی گنجائش ہے۔

سُپرکشتی میں متعدد سہولیات موجود ہیں جس میں ایک ایم ڈبلیو موٹر، 2 ہائیڈروجن ٹینکس سمیت پول، جم، بیوٹی سیلون، ہیلی پیڈ، سنیما شامل ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق بل گیٹس اکثر اپنی چھٹیوں میں لطف اندوز ہونے کے لیے سپر کشتیاں کرائے پر لیتے تھے تاہم اب انہوں نے پہلی مرتبہ خود ہی سپر کشتی خرید لی ہے۔

کشتی بنانے والی کمپنی کی تردید

دوسری جانب کشتی بنانے والی کمپنی سینوٹ نے اس خبر کی تردید کرتے ہوئے اسے غلط قرار دیا۔

کمپنی نے مؤقف اختیار کیا کہ ہمارے بل گیٹس کے ساتھ کوئی کاروباری تعلقات نہیں ہیں اور نہ ہی انہیں کوئی سُپر ہائیڈروجن والی کشتی فروخت کی ہے۔

کمپنی کی جانب سے کہا گیا کہ سُپر ہائیڈروجن ایکوا نامی کشتی ایک تصوری پلان ہے جس کی تیاری کا عمل سوچا جارہا ہے تاہم ایسی کوئی کشتی فروخت نہیں کی گئی ہے۔

کمپنی نے دعویٰ کیا کہ خبر میں شائع تمام معلومات درست نہیں ہیں۔

مزید خبریں :