کھیل
Time 12 فروری ، 2020

ون ڈے انٹرنیشنل میں کم ترین اسکور کا ورلڈ ریکارڈ برابر

میچ میں نیپال نے امریکا کو کم ترین اسکور 35 رنز پر آؤٹ کرکے میچ 8 وکٹوں سے جیت لیا— فوٹو: اسکرین گریب

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کرکٹ ورلڈ کپ لیگ ٹو کے میچ میں امریکا کی ٹیم نے کم ترین اسکور کا ورلڈ ریکارڈ برابر کردیا۔

میچ میں نیپال نے امریکا کو کم ترین اسکور 35 رنز پر آؤٹ کرکے میچ 8 وکٹوں سے جیت لیا۔

امریکا کی ٹیم کھٹمنڈو میں جاری ’ورلڈکپ کرکٹ لیگ ٹو‘ میں نیپال کے خلاف ون ڈے میچ میں 12 اوورز میں صرف 35 رنزہی بنا سکی جس میں صرف ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے امریکا کی ٹیم کے اوپنر بیٹسمین مارشل زاوئیر نے 16 رنز بنائے جبکہ ان کے علاوہ کوئی کھلاڑی بھی ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہوسکا۔

نیپال کے لیگ اسپنر بولرسندیپ لامیچانی نے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 16 رنز دے کر امریکا کے 6 کھلاڑیوں کو پویلین کا راستہ دکھایا۔ انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

علاوہ ازیں لیفٹ آرم اسپنر سوشان بھاری نے بھی 5 رنز کے عوض امریکا کے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

یہ پہلا موقع ہے کہ نیپال کی ٹیم اپنے ہوم گراؤنڈ میں کوئی انٹرنیشنل لیگ کھیل رہی ہے۔

ہدف کے تعاقب میں نیپال کی ٹیم کو بھی اچھا آغاز نہ مل سکا اور ٹیم کے اوپنرز دوسرے اوور میں ہی پویلین لوٹ گئے لیکن بعد ازاں نیپال کی ٹیم نے صرف 5.2 اوورز میں مقررہ ہدف پورا کرلیا۔

ٹِمل پٹیل نے 2 چوکے اور ایک چھکا لگا کر ٹیم کو جیت سے ہمکنار کرایا اور اسطرح نیپال کی ٹیم نے میچ 8 وکٹوں سے جیت لیا۔

واضح رہے کہ اس سے پہلے زمبابوے کی ٹیم ہرارے میں سری لنکا کے خلاف 2004 میں کھیلے جانے والے ون ڈے میچ میں 35 رنز کا کم ترین اسکور بناسکی تھی۔

امریکا کی ٹیم کو پچھلے سال ورلڈ کرکٹ لیگ ڈویژن ٹو میں کھیلنے کے بعد ون ڈے انٹرنیشنل ٹیم کا درجہ دیا گیا گیا۔

علاوہ ازیں کھٹمنڈو میں جاری اس ایونٹ میں امریکا کے علاوہ نیپال اور عمان کی ٹمییں بھی شریک ہیں۔

مزید خبریں :