کھیل
Time 12 فروری ، 2020

پاکستانی آل راؤنڈر محمد حفیظ کا بولنگ ایکشن کلیئر قرار

گزشتہ برس انگلینڈ کی ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کاؤنٹی میچ کے دوران پاکستانی بولر کے ایکشن کو مشکوک قرار دیا گیا تھا— فوٹو: فائل

ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ کاؤنٹی کرکٹ میچ میں محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کو مشکوک قراردیا گیا تھا جس کے بعد بائیو مکینک لیب نے ان کے ایکشن کو کلیئر قرار دے دیا۔

گزشتہ سال ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ لیگ میں پاکستانی بولر ’مڈل سیکس ٹیم‘ کا حصہ تھے اور ’سومر سیٹ‘ ٹیم کے خلاف کھیلے جانے والے میچ میں حفیظ کے ایکشن کو انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کی جانب سے مشکوک قراردیا گیا تھا۔

اسی اثناء میں پاکستانی بولر پر برطانیہ کے کسی بھی کاؤنٹی میچ میں بولنگ کرنے پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔

بولنگ ریویو گروپ نے ’لارڈز‘ میں اس شکایت پر فیصلہ دیا تھا جس کے نتیجے میں پاکستانی بولر کو پابندی کا سامنا کرنا پڑا۔

لیکن لاہور میں قائم لیب میں ٹیسٹ کے بعد محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کو کلیئر قرار دے دیا گیا جس کے بعد وہ کسی بھی ملک کی کرکٹ لیگز میں بولنگ کرسکتے ہیں۔

محمد حفیظ نے گزشتہ برس لیگ میں مڈل سیکس کی جانب سے چار میچز کھیلے جن میں انہوں نے مجموعی طور پر 115 رنز بنائے جس میں سب سے زیادہ ان کا اسکور 48 رنز رہا۔ ساتھ ہی انہوں نے دو وکٹیں بھی حاصل کیں۔

یاد رہے کہ محمد حفیظ پر بولنگ کی پابندی کا اطلاق صرف انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ کے تحت ہونے والے میچز کے لیے تھا بعد ازاں انہوں نے کیریبیئن پریمئیر لیگ، پاکستان کے ٹی ٹوئنٹی ڈومیسٹک میچز اور قطر ٹی ٹین لیگ میں بولنگ کی تھی۔

محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن کو لاہور میں قائم آئی سی سی کے منظور شدہ ٹیسٹنگ سینٹر میں چیک کیا گیا جس میں ان کے بولنگ ایکشن کو کلیئر قراردیا گیا اور بتایا گیا ان کی کہنی کا خم تسلیم شدہ 15 ڈگری کے زاویے کے اندر اندر ہے۔

پاکستانی آل راؤنڈر محمد حفیظ کے بولنگ ایکشن پر یہ پابندی کوئی پہلی مرتبہ نہیں لگائی گئی اس سے پہلے بھی کئی بار ان کے بولنگ ایکشن کو مشکوک قرار دیا جاچکا ہے اور ہر بار ٹیسٹ کلیئر کرنے پر ان پر سے پابندی ہٹالی جاتی ہے۔

مزید خبریں :