دنیا
Time 14 فروری ، 2020

امریکا کا بحیرہ عرب سے ایرانی ہتھیار قبضے میں لینے کا دعویٰ

فوٹو رائٹرز

امریکی بحریہ نے بحیرہ عرب سے ایرانی ہتھیار پکڑنے کا دعویٰ کیا ہے۔

عرب خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی عسکری حکام نے بتایا کہ امریکی بحریہ کے جنگی جہاز نے بحیرہ عرب سے بھاری ہتھیار پکڑے ہیں جن کا ڈیزائن اور بناوٹ ایرانی ہے۔

امریکی عسکری حکام کے مطابق بحریہ نے جو ہتھیار قبضے میں لیے ان میں 150 اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل اور تین زمین سے فضا میں مار کرنے والے ایرانی میزائل بھی شامل ہیں۔

عسکری حکام نے مزید بتایا کہ قبضے میں لیے گئے اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل ایرانی ساختہ اور روس کے اینٹی ٹینک گائیڈڈ میزائل کورنیٹ کی نقل ہیں۔

عسکری حکام کے مطابق دیگر ہتھیار ایک کشتی سے پکڑے گئے جب کہ کشتی ایرانی ڈیزائن کی اور ایرانی ساختہ ہے۔

امریکی عسکری حکام نے بتایا کہ امریکی بحریہ نے یہ کارروائی اتوار کے روز کی اور قبضے میں لیے گئے ہتھیار گزشتہ سال نومبر میں پکڑے گئے ہتھیاروں سے مشابہت رکھتے ہیں۔

عرب میڈیا کا کہنا ہےکہ امریکا کی جانب ہتھیار پکڑنے کے دعوے پر ایران کا فوری طور پر کوئی رد عمل سامنے نہیں آیا۔

مزید خبریں :