دنیا
Time 14 فروری ، 2020

عالمی سطح پر دفاعی اخراجات میں اضافہ، امریکا اور چین سب سے آگے

عالمی طور پر 2019 میں دفاعی اخراجات میں 4 فیصد تک اضافہ ہوا جو کہ گزشتہ 10 برسوں میں سب سے زیادہ ہے، رپورٹ— فوٹو: فائل

عالمی طور پر 2019 میں دفاعی اخراجات میں 4 فیصد تک اضافہ ہوا جو کہ گزشتہ 10 برسوں میں سب سے زیادہ ہے جبکہ امریکا اور چین نے دفاعی اخراجات میں سب سے زیادہ اضافہ کیا۔

فرانسسی خبر رساں ادارے کے مطابق بین الاقوامی انسٹی ٹیوٹ برائے تذویراتی مطالعہ (آئی آئی ایس ایس) کے مطابق چین اپنی فوج کو جدید کرنے کے پروگرام پر عمل کررہا ہے جس میں آسانی سے کھوج نہ لگائے جانے والے ہائپر سانک میزائلز بھی شامل ہیں اور اس وجہ سے امریکا بھی اپنے دفاعی اخراجات میں اضافہ کررہا ہے۔

آئی آئی ایس ایس کی سالانہ ’فوجی توازن‘رپوٹ کے مطابق امریکا نے اپنے دفاع کے لیے 2018 سے 2019 میں دفاعی اخراجات میں 53.4 ارب ڈالر کا اضافہ کیا جو کہ برطانیہ کے مجموعی دفاعی بجٹ کے برابر ہے۔

رپورٹ کے مطابق چین اور امریکا دونوں نے دفاعی اخراجات میں 6.6 فیصد تک اضافہ کیا جبکہ یورپی ممالک جنہیں روس کے حوالے سے خدشات ہیں، انہوں نے 4.2 فیصد تک کا اضافہ کیا۔

یورپی ممالک کی جانب سے یہ اضافہ ان ممالک کے دفاعی اخراجات کو 2008 کی سطح پر لے آیا ہے جب عالمی مالیاتی بحران کی وجہ سے ان ممالک کو بجٹ میں کمی کرنی پڑی تھی۔

مغربی دفاعی اتحاد (نیٹو) کے رکن یورپی ممالک اپنی حکومتوں پر دفاعی اخراجات میں اضافے کیلئے زور دے رہے ہیں تاکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے تحفظات بھی دور ہوسکیں جو ہمیشہ یہ کہتے ہیں کہ نیٹو میں شامل دیگر ممالک امریکا کے پیسوں پر چل رہے ہیں۔

صدر ٹرمپ نے یورپ کے اتحادیوں اور خاص طور پر جرمنی پر تنقید کی ہے کہ وہ 2014 کے نیٹو کے معاہدے پر عمل نہیں کررہا جس کے تحت اسے دفاع پر مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) کا 2 فیصد خرچ کرنا چاہیے۔

مزید خبریں :