پاکستان
Time 16 فروری ، 2020

اپوزیشن کو ایک جگہ اکھٹا کیا مگر کسی نے ساتھ نہیں دیا: فضل الرحمان کا شکوہ

چارسدہ: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی-ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اپوزیشن جماعتوں سے شکوہ کیا ہے کہ تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا کیا مگر میرا ساتھ کسی نے نہیں دیا۔

چارسدہ میں ختم نبوت کانفرنس سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جعلی الیکشن کراکر ناجائز حکومت بنائی گئی، عمران خان کی پشت پر امریکا اور یورپ کھڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت خود کو شیرپکارتی رہی مگر جے یو آئی نے چوہا بنا دیا ہے، 70سال میں اتنے قرضے نہیں لیے گئے جتنے 18 مہینےمیں لیےگئے، ملک کی معاشی صورتحال تباہ ہو چکی ہے اور نت نئے ٹیکسوں اور آسمان کو چھوتی مہنگائی نے عوام کو خود کشیوں پر مجبورکیا ہے۔

سربراہ جے یو آئی کا کہنا ہے کہ آج سرکاری ملازمین کی تنخواہوں کے لیے قومی خزانے میں کچھ نہیں، ایک کروڑ نوکریاں دینے کے بجائے 25 لاکھ نوجوانوں کو ملازمتوں سے فارغ کیا گیا۔

انہوں نے آزادی مارچ میں بڑی اپوزیشن جماعتوں کے روپے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے تمام سیاسی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا کیا مگر میرا ساتھ کسی نے نہیں دیا، اپوزیشن جماعتوں نے اسلام آباد آزادی مارچ میں علامتی طور پر شرکت کی۔

انہوں نے کہا کہ سیاست دان استقامت اور مضبوطی کے ساتھ آگےنہیں بڑھتے تو وہ قومی مجرم ہوں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال 27 اکتوبر کو جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی۔ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کراچی سے آزادی مارچ شروع کیا تھا اور 31 اکتوبر کو اسلام آباد کے ایچ نائن گراؤنڈ میں 14 روز تک دھرنا دیا تھا۔

اس احتجاج میں اپوزیشن کی جماعتیں مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی بھی شریک تھیں تاہم ان جماعتوں نے دھرنے کی حمایت نہیں کی تھی۔

مزید خبریں :