کھیل
Time 16 فروری ، 2020

کبڈی ورلڈکپ: پاکستان بھارت کو شکست دیکر پہلی بار چیمپئن بن گیا

لاہور: کبڈی ورلڈکپ کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو شکست دیکر ٹائٹل اپنا نام کرلیا۔

روایتی حریفوں کے درمیان فائنل مقابلہ انتہائی دلچسپ اور سنسنی خیز رہا اور دونوں ہاف میں ٹیمیں پوائنٹس ٹیبل پر ایک دوسرے پر سبقت حاصل کرتی رہیں۔

اس دوران بھارتی ٹیم اورانتظامیہ کی جانب سے امپائرز کے فیصلوں پرجان بوجھ کر احتجاج بھی کیا گیا جو کارگر ثابت نہ ہوا۔

میچ میں کھلاڑیوں کا انداز — فوٹو: عثمان بزدار آفیشل 

دوسرے ہاف کے اختتام پر پاکستان نے بھارتی ٹیم کو 41 کے مقابلے میں 43 پوائنٹس سے شکست دیکر پہلی بار ٹائٹل اپنے نام کیا۔

بھارتی ٹیم کبڈی ورلڈ کپ سرکل اسٹائل کے ٹائٹل کا دفاع کرنے میں ناکام رہی، بھارتی ٹیم 6 مرتبہ ورلڈکپ کی فاتح رہ چکی ہے تاہم یہ اس کی پہلی شکست ہے۔

فتح کے بعد کھلاڑیوں کو ساتھیوں نے کندھوں پر اٹھا لیا— فوٹو: آن لائن

گورنر پنجاب محمد سرور فائنل کے مہمان خصوصی تھے جنہوں نے فاتح ٹیم کو ٹرافی اور ایک کروڑ روپے کی انعامی رقم دی جبکہ بھارتی ٹیم کو 75 لاکھ روپے انعامی رقم دی گئی۔ 

ٹورنامنٹ میں تیسری پوزیشن ایران نے حاصل کی اور آسٹریلیا کو 33 کے مقابلے میں 54 پوائنٹس سے شکست دی۔

خیال رہے کہ کبڈی ورلڈکپ پہلی بار پاکستان میں منعقد کیا گیا جس کے مقابلے لاہور، فیصل آباد اور گجرات میں ہوئے اور 10 ٹیموں نے حصہ لیا۔

مزید خبریں :