پاکستان
Time 18 فروری ، 2020

سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کے دورے سے دنیا کو مثبت پیغام گیا: دفترخارجہ

گوتریس نے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی واشگاف الفاظ میں مذمت کی، افغان امن عمل اور پناہ گزینوں کےلیے پاکستان کا تعمیری کردار دنیا کے سامنے رکھا: ترجمان دفترخارجہ— فوٹو:فائل 

ترجمان دفترخارجہ عائشہ فاروقی نے کہا ہے کہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس کے دورہ پاکستان سے دنیا کو مثبت پیغام گیا۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق انتونیو گوتریس نے واضح کردیا کہ کشمیر عالمی تنازع ہے جس کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ہونا چاہیے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ گوتریس نے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کی واشگاف الفاظ میں مذمت کی، افغان امن عمل اور پناہ گزینوں کےلیے پاکستان کا تعمیری کردار دنیا کے سامنے رکھا۔

خیال رہے کہ سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ انتونیو گوتریس 4 روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تھے جہاں انہوں نے مختلف تقریبات سے خطاب کیا اور  کرتارپور راہداری کا بھی دورہ کیا۔

 افغان مہاجرین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کا کہنا تھا پاکستان دنیا میں زیادہ مہاجرین کی میزبانی کرنے والا دوسرا بڑا ملک ہے۔

انہوں نے مزید کہا تھاکہ 40 سال سے افغان عوام مسائل کا شکار ہیں لیکن پاکستان نے اپنے اندرونی مسائل کے باوجود افغان مہاجرین کے لیے مثبت اقدامات کیے، 40 سال پاکستان نے افغان مہاجرین کے لیے اپنے دروازے کھلے رکھے۔

کرتار پور کے دورے کے موقع پر انہوں نے کہا کہ کرتار پور راہداری پاکستان کے امن کی خواہش کی عملی مثال ہے۔

مزید خبریں :