پاکستان
Time 19 فروری ، 2020

چوہدری شجاعت نے عمران خان کو بھی نواز شریف والا مشورہ دے ڈالا

پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنے اردگرد منافقین کی نشاندہی کریں اور چاپلوسوں اور چغل خوروں سے دور رہیں۔ 

حکومتی اتحادی جماعت کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نےا یک بیان میں کہا ہے کہ عمران خان منافقین کو پہچان کر انہیں نزدیک نہ آنے دیں اور اپنے اندر خودپسندی بھی پیدا نہ ہونے دیں۔

چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ  چاپلوس اور چغل خور قسم کے لوگ کسی کے صحیح اور نیک مشورے کو بھی مخالفت کے زمرے میں پیش کر دیتے ہیں۔

سینیئر سیاستدان  کا کہنا ہے کہ  انہوں نے  نواز شریف کوبھی  یہی مشورہ دیا تھا، لیکن انہوں نے اس کے برعکس کیا، اب اُس وقت اُن کی چاپلوسی کرنے والے آج بھی اقتدار میں شامل ہیں۔

سربراہ ق لیگ کے مطابق  اللہ تعالیٰ نے عمران خان کو نیک نیتی کی وجہ سے اس منصب تک پہنچایا ہے،عمران خان سیاسی ہیرا پھیری نہیں سیکھے۔

ان کا کہنا تھا کہ  پرویز مشرف کو بھی مشورہ دیا تھا کہ طالبان کا لفظ مدرسے کے طالب علم سےنہ جوڑیں۔

انہوں نے مزید کہاکہ وہ سب سے کہیں گے کہ ذاتی مفادات چھوڑ کر صرف اور صرف ملک و قوم کا سوچیں۔

خیال رہے کہ گذشتہ دنوں ق لیگ کی جانب سے حکومت سے مطالبات پورے نہ ہونے پر ناراضی کا اظہار کیا گیا تھا اور حکومتی اتحاد میں دراڑیں نظر آرہی تھیں تاہم مذاکرات کے بعد یہ مسائل حال کر لیے گئے۔

 اس موقع پر بھی چوہدری شجاعت حسین نے وزیراعظم عمران خان کو اتحادیوں پر اعتماد اور فسادیوں سے دور رہنے کا مشورہ دیا تھا۔

مزید خبریں :