دنیا
Time 19 فروری ، 2020

آسٹریلیا میں دو طیارے فضا میں ٹکراگئے، تمام افراد جاں بحق

پولیس کے مطابق دونوں طیارے علاقے میں قانونی طور پر اڑائے جارہے تھے— فوٹو: فائل

آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں دو چھوٹے طیارے زمین سے 4000 فٹ کی بلندی پر آپس میں ٹکراگئے جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق آسٹریلیا کے شہر میلبورن کے شمالی علاقے میں دو نجی استعمال کے چھوٹے طیارے آپس میں ٹکرائے جس کے نتیجے میں طیاروں میں موجود 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

پولیس نے بتایا کہ 2 انجن والے ہلکے طیارے آسٹریلیا کی ریاست وکٹوریہ کے قصبہ ’مینگلور‘ کے علاقے میں زمین سے 4000 فٹ کی بلندی پر اُڑ رہے تھے کہ اسی دوران دونوں آپس میں ٹکراگئے۔ دونوں طیاروں میں پائلٹ کے علاوہ 1 ،1 مسافر بھی سوار تھے۔

حادثے کے بعد جائے وقوع کے مناظر میں تباہ شدہ طیاروں کا ملبہ زمین پر بکھرا اور جہاز کے پرزے اور باقیات درختوں سے گھرے علاقے میں زمین پر بکھرے پڑے دیکھے جاسکتے ہیں۔

پولیس کے مطابق دونوں طیارے قانونی طور پرعلاقے میں اُڑائے جارہے تھے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔

اس واقعے سے متعلق پولیس انسپکٹر ’پیٹر کوگل‘ کا کہنا ہے کہ یہ بات ابھی تک واضح نہیں ہوسکی کہ دونوں طیارے ایک ہی جگہ پر ایک ہی وقت کیسے موجود تھے اور وہاں کیا کر رہے تھے اور بد قسمتی سے اس حادثے کا شکار ہوئے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ حادثے کا شکار ہونے والے ایک طیارے کو ساتھ ہی واقع ہوائی اڈے سے اُڑایا گیا تھا جبکہ دوسرے طیارے سے متعلق ابھی تک کچھ معلوم نہیں ہوسکا ہے۔

مزید خبریں :