کھیل
Time 20 فروری ، 2020

عمر اکمل کی معطلی کی اصل وجہ سامنے آگئی

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمر اکمل نے مشکوک افراد کے ساتھ رابطوں کو سب سے خفیہ رکھا،فوٹو:فائل

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر عمر اکمل کو معطل کر دیا ہے جس کی اصل وجہ بھی سامنے آگئی ہے۔

معطلی کے باعث عمر اکمل کسی بھی قسم کی کرکٹ سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے جب کہ وہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فائیو سے بھی باہر ہوچکے ہیں۔

ذرائع کے مطابق ٹیسٹ کرکٹر عمر اکمل کو مشکوک سرگرمیوں پر پی سی بی کے اینٹی کرپشن یونٹ نے پکڑا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمر اکمل نے مشکوک افراد کے ساتھ رابطوں کو سب سے خفیہ رکھا جس پر  اینٹی کرپشن یونٹ نے ٹیسٹ کرکٹر کے دونوں فونز بھی اپنے قبضے میں لے لیے ہیں۔

ذرائع کے مطابق عمر اکمل کے مشکوک افراد سے نا صرف ٹیلی فونک رابطے ہوئے بلکہ کراچی میں ان کی مشکوک افراد سے ملاقاتیں بھی ہوئیں ۔

اس دوران اینٹی کرپشن یونٹ نے عمر اکمل کو مانیٹر کیا لیکن عمر اکمل نے 3 دن گزرنے کے بعد بھی مشکوک افراد سے رابطوں سے متعلق اینٹی کرپشن یونٹ یا کسی بھی آفیشل کو آگاہ نہیں کیا جو کہ پی سی بی کے کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی ہے۔

اینٹی کرپشن یونٹ نے ٹھوس شواہد کی بنیاد پر کارروائی کی

ذرائع کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن یونٹ نے ٹھوس شواہد کی بنیاد پر کارروائی کی ہے اور عمر اکمل کو معطل کرنے سے پہلے ان کی پی ایس ایل ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی انتظامیہ کے ساتھ 6 گھنٹے طویل میٹنگ بھی  ہوئی اور انہیں اعتماد میں لیا گیا۔

 پی سی بی کے مطابق عمر اکمل کو اینٹی کرپشن کوڈ کی دفعہ 4.7.1 کے تحت معطل کیا گیا ہے،جس کے بعد عمر اکمل اینٹی کرپشن یونٹ کی جانب سے جاری تحقیقات مکمل ہونے تک کرکٹ سے متعلق کسی بھی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکتے۔

دوسری جانب پی ایس ایل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ان کی جگہ انور علی کو اسکواڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔

مزید خبریں :