کی کی، مو مو کے بعد ایک اور جان لیوا چیلنج سوشل میڈیا کا مقبول ٹرینڈ

دراصل اسکل بریکر چیلنج تین افراد پر مشتمل ہوتا ہے—سوشل میڈیا فوٹو 

سوشل میڈیا پر بلیو ویل گیم، مومو چیلنج اور کی کی چیلنج جیسی کئی ایسی سرگرمیاں دیکھنے میں آچکی ہیں جن سے بہت سے افراد کی جان بھی گئی ہے۔

اس وقت مقبول ترین ویڈیو ایپ ٹک ٹاک پر ’اسکل بریکر چیلنج‘ کا ٹرینڈ تیزی سے مقبول ہورہا ہے جو نہ صرف نوجوانوں کو زخمی کرنے کا سبب بن رہا ہے بلکہ اس سے جان سے جانے کا بھی خدشہ ہے۔

دراصل اسکل بریکر چیلنج تین افراد پر مشتمل ہوتا ہے جس میں سے دو افراد دائیں اور بائیں جانب کھڑے ہوتے جب کہ درمیان میں کھڑے ہونے والے فرد کو آزمائش سے گزرنا ہوتا ہے۔

یعنی کہ درمیان میں کھڑے شخص کو دائیں اور بائیں والا شخص اپنی ٹانگوں سے ایسے گراتا ہےکہ وہ پیچھے کھوپڑی کے بل گرے لیکن اسے فوراً ہی پکڑ کر بچانے کی کوشش کی جاتی ہے جس میں اگر ناکامی کا سامنا ہو تو گرنے والے کو ہڈیاں ٹوٹنے یا پھر جان سے ہاتھ دھو بیٹھنے کا خطرہ لاحق ہوتا ہے۔

ٹک ٹاک پر وائرل ہونے والے اس ٹرینڈ نے جہاں نوجوانوں کو تفریح فراہم کی وہیں اس سے  جانی نقصان بھی دیکھنے میں آیا اور برازیل میں اس چیلنج کو  پورا کرتے ہوئے ایک لڑکی جان سے ہاتھ دھو بیٹھی۔

اس چیلنج کو اسکل بریکر چیلنج کے علاوہ ٹریپنگ چیلنج بھی کہا جاتا ہے۔

مختلف ممالک کی پولیس اس حوالے سے تمام صارفین کو خبردار کر رہی ہے کہ وہ اس چیلنج کو نہ کریں جب کہ حکم کی خلاف ورزی پر جرمانہ اور سزا سے بھی خبردار کیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں :