دنیا
Time 21 فروری ، 2020

گھریلو ساختہ ’نیم آبدوز‘ سے 5 ٹن سے زائد منشیات برآمد کر لی گئی

ملزمان ماضی میں بھی اسی طرح کے جہاز کے ذریعے غیر قانونی طور پر امریکا اور برطانیہ میں کوکین اسمگل کرتے پکڑے جاچکے ہیں— فوٹو: سی این این

پاناما کے ساحل پر گھریلو ساختہ نیم آبدوز کشتی سے 5 ٹن سے زائد منشیات برآمد کر لی گئی اور ملزمان کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔

وزارت عوامی تحفظ نے امریکی نشریاتی ادارے کو بتایا کہ ریاست پاناما کے ساحل پر ایک گھریلو طور پر تیار کی گئی ’نیم آبدوز‘ سے بھاری مقدار میں منشیات بر آمد کی گئی ہے۔

حکام نے واقعے کی تفصیلات دیتے ہوئے بتایا کہ بدھ کے روز پاناما کے نیشنل ایرونیول سروس کے افسران سمندری حدود میں گشت کر رہے تھے کہ انہیں اس دوران پاناما کے صوبہ ’بوکاس دیل تورو‘ کے قریب دیسی ساختہ آبدوز ملی جس میں سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہوئی۔

حکام نے بتایا کہ آبدوز سے 5 ٹن سے زائد منشیات برآمد کی گئی جسے ضبط کرکے تمام ملزمان کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے اور گرفتار ہونے والے چاروں ملزمان کا تعلق کولمبیا سے ہے۔

گرفتار کیے گئے ملزمان سے متعلق حکام کی جانب سے مزید کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئی ہے۔

علاوہ ازیں حکام نے برآمد کی گئی منشیات سے متعلق بھی نہیں بتایا کہ ضبط کی گئی منشیات کس نوعیت کی ہے۔

البتہ ملزمان کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ ماضی میں بھی اسی طرح کے جہاز کے ذریعے غیر قانونی طور پر امریکا اور برطانیہ میں کوکین اسمگل کرتے پکڑے جاچکے ہیں۔

خیال رہے کہ حساس اداروں کے تعاون کے بغیر سمندر میں منشیات اسمگلنگ کیلئے استعمال ہونے والی آبدوزوں کا سراغ لگانا بہت مشکل ہوتا ہے۔

مزید خبریں :