دنیا
Time 24 فروری ، 2020

اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے ایک فلسطینی شہید

غزہ اور اسرائیل کو علیحدہ کرنے والی آہنی باڑ کے قریب اسرائیلی فورسز نے فائرنگ کرکے 27 سالہ نوجوان کو شہید کردیا جبکہ لاش لینے کیلئے جانے والے دیگر دو افراد بھی فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہوگئے— فوٹو: اے ایف پی

غزہ کی پٹی پر اسرائیلی فوجیوں نے فائرنگ کرکے ایک فلسطینی کو شہید جبکہ دو کو زخمی کردیا۔

فلسطین کی سرکاری نیوز ایجنسی ’وفا‘ کے مطابق غزہ کی پٹی میں خان یونس کے مشرق میں غزہ اور اسرائیل کو علیحدہ کرنے والی آہنی باڑ کے قریب اسرائیلی فورسز نے فائرنگ کرکے 27 سالہ نوجوان کو شہید کردیا جبکہ لاش لینے کیلئے جانے والے دیگر دو افراد بھی فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ہوگئے۔

فلسطینی اسلامی جہاد نامی تنظیم نے شہید ہونے والے نوجوان کا نام علی النعیم بتایا ہے اور کہا ہے کہ وہ تنظیم کا رکن تھا۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ غزہ پٹی پر موجود سرحد کے قریب دو دہشت گردوں کو دیکھا گیا جو وہاں پر بم نصب کر رہے تھے جس پر اہلکاروں نے فائرنگ شروع کردی۔

اس وحشیانہ اقدام کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کتنی بے رحمی سے اسرائیلی اہلکار بُلڈوزر کی مدد سے فلسطینی کی لاش کو اُٹھا رہے ہیں۔ آس پاس موجود لوگ لاش لے جانے سے روکنے کی کوشش کرہے ہیں مگر اس کے باوجود اسرائیلی بلڈوزر فلسطینی کی لاش کو اُٹھا کر اپنے ساتھ لے جاتا ہے۔

فلسطین کی نیوز ایجنسی کے مطابق لاش لے جانے سے روکنے پر اسرائیلی اہلکار نے دو افراد کو فائرنگ کا نشانہ بنایا جبکہ ایک شخص کا پاؤں زخمی ہوا۔

اس کے جواب میں فلسطین کی مزاحمتی تنظیم فلسطینی اسلامک جہاد (پی آئی جے) نے اسرائیل کی جانب تقریباً 20 راکٹ داغے۔

مزید خبریں :