دنیا
Time 25 فروری ، 2020

ہانگ کانگ کے چینی نژاد سوئیڈش پبلشر گوئی منہائی کو 10 برس قید کی سزا

گوئی منہائی پر خفیہ معلومات فراہم کرنے کا الزام ثابت ہونے پر انہیں 10 سال قید کی سزا سُنائی گئی فوٹو: اے ایف پی

غیر قانونی طریقے سے چین کی خفیہ معلومات دیگر ممالک کو فراہم کرنے کے الزام میں ہانگ کانگ کے چینی نژاد سوئیڈش پبلشر گوئی منہائی کو 10 برس قید کی سزا سنادی گئی۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کے مطابق گوئی منہائی پر خفیہ معلومات فراہم کرنے کا الزام ثابت ہونے پر انہیں 10 سال قید کی سزا سُنائی گئی۔

چین کے شہر نِنگبو کی عدالت نے گوئی کو مجرم قرار دیا۔ انہوں نے 2018 میں چینی شہریت بحال کی تھی تاہم یہ بات واضح نہیں کہ انھوں نے اپنی سویڈن کی شہریت ترک کی تھی یا نہیں۔ خیال رہے کہ چین دوہری شہریت کو تسلیم نہیں کرتا۔

گوئی ہانگ کانگ کے اُن 5 پبلشرز میں سے ہیں جن پر اپنی کتابوں میں چین کے سیاسی لیڈروں کے بارے میں افواہ پر مشتمل عنوانات شائع کرنے کے الزامات ہیں۔ 

گوئی سمیت 5 پبلشرز سب سے پہلے 2015 میں تھائی لینڈ میں چھٹیوں کے دوران غائب ہوئے تھے اور بعد ازاں ان کی چین میں موجودگی سامنے آئی تھی۔ دیگر چار پبلشرز کو رہا کردیا گیا تھا تاہم گوئی کو حراست میں ہی رکھا گیا تھا۔

گوئی کو اکتوبر 2017 میں 2 سال کی قید ہوچکی ہے مگر 3 مہینے قید میں گزارنے کے بعد انہیں رہائی مل گئی تھی۔ اس کے بعد دوبارہ انہیں بیجنگ میں سوئیڈن کے سفارتی عملے کے ساتھ ٹرین میں سفر کرتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا۔

ان کی فیملی اور حامیوں نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کو نظر بند کرنا سیاسی جبر کی مہم کا حصّہ ہے۔

عدالت نے گوئی کو پانچ سال کے لیے سیاسی حقوق سے بھی محروم کردیا ہے جس کا  جسکا مطلب ہے کہ وہ سرکاری کمپنیوں اور اداروں میں کوئی عہدہ نہیں رکھ سکتے۔

خیال رہے کہ چین دوہری شہریت کو تسلیم نہیں کرتا اور غیر ملکی افراد جیسے ہی چین کی شہریت حاصل کرلیں تو وہ اُن کے لیے ضروری ہے کہ غیر ملکی شہریت کو ترک کردیں۔

چین نے گوئی کے غائب ہوجانے کے تین ہفتے بعد ایک ویڈیو جاری کی تھی جس میں گوئی نے اپنی غلط حرکات کا اعتراف کیا اور سوئیڈن پر یہ الزام بھی عائد کیا کہ سوئیڈن نے اُن کے کیس کو سنسنی خیز بنایا اور انھیں قانون توڑنے کی طرف راغب کیا۔

اس اعتراف سے متعلق گوئی کے دوست کا کہنا تھا کہ انھوں نے یہ اعتراف جبراً کیا ہے۔

مزید خبریں :