پاکستان
Time 26 فروری ، 2020

پاکستان میں اب تک کورونا کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا

اب تک قومی ادارہ صحت میں کورونا کے 104 سیمپلز کا ٹیسٹ منفی آیا ہے: ذرائع وزارت صحت—فوٹو/اے ایف پی

 پڑوسی ملک ایران اور افغانستان میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آنے کے بعد  پاکستان نے سخت حفاظتی اقدامات کیے ہیں اور اب تک ملک میں کورونا کا ایک بھی کیس سامنے نہیں آیا ہے۔

ذرائع وزارت صحت کے مطابق  اب تک قومی ادارہ صحت میں کورونا کے 104 سیمپلز کا ٹیسٹ منفی آیا ہے اور ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ کوئی شخص منظرعام پر نہیں آیا۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ ملک بھر کے داخلی مقامات سے اب تک 6 لاکھ افراد کو اسکریننگ کے عمل سے گزارا گیا ہے اور  ملک کے تمام داخلی راستوں پر اسکریننگ کے عمل پر سختی سے عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کوئٹہ میں بھی قومی ادارہ صحت کی سہولت سے کورونا کا ٹیسٹ کیا جاسکے گا۔

واضح رہے کہ حکومت بلوچستان نے ملک کے دیگر علاقوں سے بلوچستان آکر تفتان کے راستے ایران جانے والے زائرین کو صوبے میں داخل ہونے سے قبل روک کر واپس کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

یہ احکامات ایران میں کورونا وائرس کی موجودگی کے پیش نظر جاری کیے گئے ہیں۔

اس کے علاوہ پاک افغان سرحد باب دوستی اور طورخم میں حفاظتی اقدامات کر لیے گئے ہیں۔

 ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر رفیق مینگل کے مطابق پاک افغان سرحد باب دوستی پر میڈیکل ٹیکنیشن ٹیم ریڈ کریسنٹ اور پی پی ایچ آئی کے تعاون سے لوگوں کی اسکریننگ کررہی ہے اور صرف چند روز میں 4 ہزار لوگوں کی اسکریننگ کی گئی ہے۔ 

مزید خبریں :