پاکستان
Time 27 فروری ، 2020

'پاکستان انڈیا کو تباہ نہیں کریگا، انڈیا خود اپنے آپ کو تباہ کرلے گا'

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے، پاکستان انڈیا کو تباہ نہیں کرے گا بلکہ انڈیا خود اپنے آپ کو تباہ کرے گا۔

اسلام آباد میں سیمنار سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ  بھارت میں جو کچھ ہورہا ہے اس پر بین الاقوامی برادری کے رد عمل کا یہی وقت ہے۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ بھارت میں مسلمان، سکھ اور ہندو کمیونٹی سراپا احتجاج ہے، راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے نفرت انگیز فلسفے نے گاندھی کو بھی قتل کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہندو اور مسلمان امن پسند ہیں لیکن  بھارت میں سیاست دان امن پسند نہیں ہیں، میرے رشتے دار اب بھی بھارت میں ہیں، وہاں کی اندرونی صورتحال پر دکھ ہے۔

مقبوضہ کمشیر کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے، پاکستان مسئلہ کشمیر  پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔

صدر پاکستان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمارا تعلق کشمیریوں سے ہے،کشمیر کی زمین سے نہیں، جو کشمیریوں کی تصاویر منظر عام پر آرہی ہیں، ان تصاویر نے پوری دنیا کو ہلا دیا ہے۔

'پاک فضائیہ نے جہاز گراکر بھارتی فوج کے غرورکو خاک میں ملایا'

ان کا کہنا تھا کہ پچھلے سال اسی دن (27 فروری) پاک فوج نے بہترین کارکردگی دکھائی تھی، پاک فضائیہ نے بھارتی جہاز گرا کر بھارتی فوج کے غرورکو خاک میں ملایا، ملک میں دہشت گردی کے خاتمے پر مسلح افواج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

صدر عارف علوی کا مزید کہنا تھا کہ  پاکستان جمہوری تحریک اور اقدار کی بنیاد پر وجود میں آیا، پاکستان تمام اقلیتوں کا احترام کرتا ہے، بھارت کی پارلیمنٹ میں کہا گیا کہ قائد اعظم نےبہت پہلےہی دوقومی نظریہ کے بارے میں بتادیا تھا۔

مزید خبریں :