پاکستان
Time 27 فروری ، 2020

کورونا وائرس کے خلاف قومی حکمت عملی بنانے کا مطالبہ

چین سے کورونا سے نمٹنے کے انتظامات میں پیشہ ورانہ رہنمائی بھی لی جائے،شہباز شریف،فوٹو:فائل

لندن: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کورونا وائرس سے عوام کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے قومی حکمت عملی بنانے  اور  چین سے پیشہ ورانہ رہنمائی لینے کا مطالبہ کر دیا۔

لندن سے اپنے ایک بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد بڑھناباعث تشویش ہے۔

اپوزیشن لیڈر نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم اس معاملے پر حکمت عملی بنانے کے لیے تمام وزرائے اعلیٰ سمیت وزیراعظم آزاد کشمیر کو بھی بلائیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ماہرین اور ڈاکٹرز کی ٹاسک فورس بنائی جائے تاکہ قومی پالیسی بنائی جاسکے۔

شہباز شریف نے مطالبہ کیا کہ ضروری مشینیں، آلات اورعلاج کا طبی سامان بھی ہنگامی بنیادوں پر منگوایا جائے  جب کہ چین سے کورونا سے نمٹنے کے انتظامات میں پیشہ ورانہ رہنمائی بھی لی جائے۔

خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے دو کیسز کی تصدیق کے بعد ملک بھر میں حفاظتی انتظامات مزید سخت کردیے گئے ہیں اور ائیرپورٹس پر مسافروں کی اسکریننگ کا سلسلہ جاری ہے جب کہ تفتان میں پاک ایران سرحد پرامیگریشن پانچویں روزبھی بند ہے۔

ایران میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 106 نئے کیسز کے ساتھ 245 تک پہنچ گئی ہے جبکہ مزید 7 اموات کے ساتھ ہلاکتوں کی تعداد 26 ہوگئی ہے۔

دوسری جانب چین میں مزید 29 افراد کورونا وائرس کے باعث ہلاک ہو گئے ہیں جب کہ 433 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ 

واضح رہے کہ چین میں 28 جنوری کے بعد سے ہلاکتوں کی تعداد میں سب سے زیادہ کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

مزید خبریں :