پاکستان
Time 27 فروری ، 2020

5 روپے کا ماسک 120 روپے میں فروخت کرنے والا دکاندار گرفتار

 اسلام آباد میں ای الیون میں میڈیکل اسٹور پر چھاپے کے دوران ایک شخص کو گرفتار بھی کیا گیا ہے،فوٹو:فائل

ملک میں کورونا وائرس کے 2 کیسز کی تصدیق کے بعد مختلف شہروں سمیت اسلام آباد میں بھی سرجیکل ماسک کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے، جس پر اسلام آباد انتظامیہ نے ماسک کی زائد قیمت پر فروخت روکنے کے لیے دفعہ 144 نافذ کردی ہے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کے مطابق ماسک زائد قیمت پر فروخت کرنے والوں کےخلاف  کارروائی کی جارہی ہے اور دفعہ 144 کا نفاذ 2 ماہ تک رہے گا۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران اسلام آباد کے علاقے ای الیون میں میڈیکل اسٹور پر چھاپے کے دوران ایک شخص کو گرفتار بھی کیا گیا ہے ۔

رپورٹ کے مطابق ملزم 5 روپے والا ماسک 120 روپے میں فروخت کر رہا تھا۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے اسلام آباد اور راولپنڈی میں  ماسک ناپید ہوگئے ہیں اور جہاں دستیاب ہیں وہ مہنگے داموں فروخت کررہے ہیں۔

کوئٹہ میں بھی ماسک مہنگےداموں فروخت کرنے کیخلاف کارروائیاں 

کوروناوائرس کےخدشے کے پیش نظر کوئٹہ میں بھی ماسک کا استعمال بڑھ گیا ہے، ماسک کی مہنگے داموں فروخت اور ذخیرہ اندوزی سے متعلق شکایات پر انتظامیہ نے کارروائی شروع کردی ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر کوئٹہ ندا کاظمی کے مطابق ماسک مہنگے داموں فروخت اور ذخیرہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، خلاف ورزی کرنے والے میڈیکل اسٹورز اور ڈپوز کو سیل کیا جائےگا۔

کراچی میں بھی گزشتہ شب کورونا وائرس کے مریض کی تصدیق کے بعد لوگوں نے ماسک کی خریداری کے لیے میڈیکل اسٹورز کا رخ کرنا شروع کردیا تھا تاہم میڈیکل اسٹورز پر ماسک نا صرف مہنگے ہوگئے ہیں بلکہ متعدد جگہوں پر دستیاب ہی نہیں ہیں۔

پشاور میں بھی ماسک کی قیمتوں میں نہ صرف اضافہ ہوگیا ہے بلکہ ماسک مارکیٹ سے غائب ہوگئے ہیں، دوکانداروں کا کہنا ہے کہ ہمسایہ ملک افغانستان میں ماسک کی مانگ بڑھ گئی ہے۔

ماسک کی قیمتوں میں بے جااضافہ لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج 

دوسری جانب کورونا وائرس کے خدشے کے بعد سرجیکل ماسک کی قیمتوں میں بے جا اضافہ لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔

 وکلاء تنظیم کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا ہے کہ سرجیکل ماسک کی قیمت میں اچانک اضافہ کر دیا گیا اور ماسک کے پیکٹ کی قیمت 80 روپے سے بڑھا کر 450 روپےکردی گئی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ سرجیکل ماسک ذخیرہ کرکے اس کی قیمت بڑھائی گئی ہے، ادویات اور ماسک کی فراہمی یقینی بناناحکومت کی ذمہ داری ہے، استدعا ہےکہ سرجیکل ماسکس کی فراہمی یقینی بنائی جائے اوراس کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹس لیا جائے۔

مزید خبریں :